پرنسپل ایچی سن کالج مائیکل تھامسن کی ایکس پاکستان چھٹی منظور
لاہور+اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی+اپنے سٹاف رپورٹر سے) گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے پرنسپل ایچی سن کالج مائیکل تھامسن کی 28 دن کی ایکس پاکستان چھٹی منظور کر لی ہے۔ پرنسپل ایچی سن کالج مائیکل تھامسن نے احد چیمہ کے بچوں کی فیس معافی کو بنیاد بنا کر عہدے سے استعفیٰ دیدیا تھا۔ دوسری طرف پرنسپل ایچی سن کالج سے اظہار یکجہتی کیلئے طلبہ کے والدین نے گورنر ہائوس کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ احتجاجی مظاہرین نے پرنسپل ایچی سن کالج سے یکجہتی کے اظہار پر مبنی پوسٹرز اٹھا رکھے تھے۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ پرنسپل کو عہدے پر بحال کیا جائے، معاملے کی شفاف انکوائری کروائی جائے اور گورنر پنجاب کے غیر قانونی اقدامات کو واپس لیا جائے۔ وفاقی وزیر احمد چیمہ نے بچوں کی فیس سے متعلق پالیسی پر گورنر پنجاب بلیغ الرحمن کو خط لکھ دیا۔ خط میں احد چیمہ نے کہا کہ وہ اپنے بچوں کیلئے ایچی سن کالج کی نئی پالیسی سے فائدہ نہیں اٹھانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے خط میں مزید کہا کہ کسی بھی دباؤ کی وجہ سے نئی پالیسی واپس نہ لیں۔ یہ طلبہ اور والدین کیلئے مدد گار ثابت ہو گی۔ خط میں وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ ایچی سن کالج میں زیر تعلیم اپنے بچوں کی چھٹی کے معاملے کے حوالے سے لکھ رہا ہوں۔ آپ سے گزارش کروں گا کہ کسی بھی منفی دباؤ کے تحت پالیسی کو واپس نہ لیں۔ اسلام آباد سے اپنے سٹاف رپورٹر کے مطابق ترجمان پاکستان تحریک انصاف نے پرنسپل ایچی سن کالج مائیکل اے تھامسن کے استعفے کے معاملے کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا ہیانہوں نے کہا کہ اپنے ادوارِ اقتدار میں ان حکمرانوں نے پولیس، انتظامیہ سمیت پوری ریاستی مشینری کو کرپٹ اور تباہ و برباد کیا انہوں نے کہا کہ ایچی سن کالج کے پرنسپل کا استعفیٰ جاتی امراء کی پوری سیاست، ترجیحات اور اندازِحکمرانی کا خلاصہ ہیوالدین اور شہری، تعلیم اورتعلیمی اداروں کی تباہی پر سراپا احتجاج ہیں انہوں نے مطالبہ کیا کہ معاملے کی مکمل اور جامع تحقیقات کی جائیں اوراحد چیمہ، گورنراور وزیراعلیٰ پنجاب سے جواب طلبی کی جائے۔