سیکرٹری سوشل ویلفیئر پنجاب کا ایس او ایس ویلج ہیڈ آفس کا دورہ
لاہور(لیڈی رپورٹر ) سیکرٹری سوشل ویلفیئر پنجاب اقبال حسین نے ایس او ایس ویلج کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا۔ صدر ایس او ایس ویلج ثریا انور اور سابق گورنر پنجاب و ممبر بورڈ آف گورنرز شاہد حامد نے صوبائی سیکرٹری سوشل ویلفیئر کی آمد کا خیر مقدم کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری سوشل ویلفیئر کو ایس او ایس کے اغراض و مقاصد اور خدمات پر بریفنگ دی گئی اور ادارے کی کامیابیوں پر مبنی ڈاکومنٹری بھی دکھائی گئی۔ بعدازاں سیکرٹری سوشل ویلفیئر نے ادارے کے سکول، کلاس رومز اور لائبریری سمیت مختلف حصوں کا دورہ کیا اور بچوں کو میسر ماحول اور سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ادارے میں مقیم بچوں سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ ہلکے پھلکے انداز میں گفتگو کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری سوشل ویلفیئر نے کہا کہ یہاں زیرِ کفالت بچے خصوصی توجہ کے مستحق ہیں اور ایس او ایس ویلج بے آسرا، نادار بچوں اور بچیوں کی کفالت کر کے اہم فریضہ سر انجام دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ والدین کے سہارے سے محروم بچوں کی کفالت معاشرے کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔