گردوں کی غیرقانونی پیوندکاری میں ملوث افراد کوپکڑنے والے افسروں میں نقدانعامات تقسیم
لاہور(نیوز رپورٹر)صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہور سرفرازاحمدورک کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ اس موقع پر ڈی جی پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی پروفیسرڈاکٹرمحمد شہزادانور، عدنان احمد بھٹی، گل شہناز، امتیاز احمدنیازی اور مرزا فہیم سمیت دیگرافسران موجودتھے۔کامیاب کارروائی پر صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق اور ڈائریکٹرایف آئی اے لاہور سرفرازاحمدورک نے افسران کے درمیان تعریفی اسناداور نقدانعامات بھی تقسیم کئے۔صوبائی وزیرمحکمہ سپیشلائزڈہیلتھ کئیراینڈمیڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی اور ایف آئی اے لاہورنے مشترکہ کاوش کے ساتھ گردوں کی غیرقانونی پیوندکاری کے مکروہ دھندے میں ملوث منظم گروہ کیخلاف بڑی کارروائی کی ہے۔وزیرداخلہ محسن نقوی کی واضح ہدایات کی روشنی میں یہ کارروائی عمل میں لائی گئی۔ ریڈنگ ٹیم میں عدنان بھٹی،مرزا فہیم،گل شہناز،امتیاز نیازی اور فاطمہ شامل تھے۔ ملزموں میں کارڈیالوجسٹ اور ٹرانسپلانٹ سرجن ڈاکٹرطارق رشید، ڈاکٹرعبدالحمید، ڈاکٹراطہرشاہ، سرغنہ ڈائیلسز ٹیکنیشئین ڈاکٹرشاہدنوازبھٹی، ڈونرمحمد ذوالفقار اور ڈونرمحمد عرفان شامل ہیں۔ ایف آئی اے دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے ماررہی ہے۔