سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کی چینی شہریوں کی گاڑی پر خودکش حملے کی مذمت
لاہور(خصوصی نامہ نگار ) سپیکر ملک محمد احمد خان نے شانگلہ (بشام) میں چینی شہریوں کی گاڑی پر خودکش حملے کی شدید مذمت کی۔ سپیکر نے جاں بحق چینی شہریوں کے خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں پوری پاکستانی قوم اپنے چینی بھائیوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ راجہ ناصر عباس نے بشام میں حملے کے نتیجے میں چینی باشندوں کی ہلاکت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک دشمن عناصر پاکستان اور چین کے تعلقات کو خراب کرانے کی سازش کر رہے ہیں لیکن یہ اطمینان بخش ہے کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے مفادات کا خیال رکھتے اور ایک دوسرے کی مجبوریوں کو سمجھتے ہیں۔انہوںنے کہا کہ اس سے پہلے بھی متعدد حملے ہوچکے ہیں مگر چین نے اپنے جاری منصوبوں کو ختم کیا اور نہ ہی معطل۔انہوں نے کہا بھارت اور امریکہ نہیں چاہتے کہ پاکستان کے چین کے ساتھ دوستا نہ سفارتی اور تجارتی تعلقات ہوں۔خاص طور پر سی پیک پر ہونے والی ترقی سے بھارت زیادہ خائف ہے اوردہشت گردی کے مختلف واقعات کرواکر دونوں ممالک کے حوصلے پست کرنے کی بھونڈی حرکتیں کررہا ہے۔