آگاہی واک ،طالبات کی شرکت ، 160مساجد کی صفائی دھلائی
لاہور(خبرنگار)رمضان المبارک میں لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی شہر میں صفائی کے احسن اقدامات کے ساتھ ساتھ شہریوں میں صفائی کا شعور بیدار کرنے کے لیے بھی پْر عزم ہے۔ اس مقصد کے حصول کے لیے ایل ڈبلیو ایم سی کا کلین کیمپس ایمبیسیڈر پروگرام کامیابی سے جاری ہے۔ سرکاری سکولوں کے ساتھ ساتھ پرائیویٹ سکولوں میں بھی ویسٹ سیگریگیشن اور صفائی کے بارے میں آگاہی کیلئے ایل ڈبلیو ایم سی کی سوشل موبلائزر ٹیمیں متحرک ہیں۔سکولوں کے بچوں کو ویسٹ ریڈکشن اور ویسٹ سیگریگیشن کے بارے میں ٹریننگ دی جا رہی ہے۔ بچوں کی عملی تربیت کیلئے سکول کیمپس میں ویسٹ پکنگ، ویسٹ سیگریگیشن کی ایکٹیویٹی کروائی جا رہی ہے۔ترجمان ایل ڈبلیو ایم سی عمر چوہدری کے مطابق والٹن روڈ پر واقع گورنمنٹ گرلزہائی سکول میں صفائی آگاہی سرگرمی کا انعقاد کیا گیا۔3400سے زائد طالبات کو صفائی کی اہمیت سے آگاہ کیا گیا۔بطور ’’صفائی کے سفیر‘‘مقرر کی جانے والی طالبات نے آگاہی واک میں بھی حصہ لیا۔مزید برآں سی ای او بابر صاحب دین کی ہدایت پرآپریشن ٹیمیں روزانہ 160مساجد کی صفائی دھلائی یقینی بنا رہی ہیں۔ہر سال کی طرح شہر میں سجنے والے 47 سے زائد بڑے افطار دستر خوانوں پر صفائی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔شہر میں موجود 250 چھوٹے بڑے قبرستانوں کی صفائی کا عمل بھی شروع کر دیا گیاہے۔تمام ٹاؤنز میں تراویح کے مقامات، جامع مساجد اور ممکنہ راستوں پر خصوصی صفائی ٹیمیں تعینات ہیں۔