ریسکیورز آپریشنل صلاحیتوں کو بہتر بنانے کیلئے روزانہ مشق کریں: سید کمال عابد
گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی) ڈویژنل ایمرجنسی آفیسر گوجرانوالہ ڈویژن(ریسکیو1122) سید کمال عابد نے انٹرنل آڈٹ ٹیم کے ہمراہ سنٹرل ریسکیو اسٹیشن کا دورہ کیا۔ ریسکیو1122کے چاق وچوبند دستوں نے معزز مہمان کو سلامی پیش کی۔ایمرجنسی آفیسر آپریشنز انجینئر تیمور حسن چٹھہ نے ڈویژنل ایمرجنسی آفیسر کو سروس کے بارے میں بریف کیا۔ ڈویژنل ایمرجنسی آفیسر سید کمال عابد نے سٹاف کا ٹرن آوٹ ،جسمانی فٹنس اور پریڈ کا جائزہ لیا۔اسکے علاوہ ایمرجنسی وہیکلز، ریسکیو آلات کی ورکنگ،اکائونٹس و ایڈمن آفس اور کنٹرول روم میں ایمرجنسی کالز کا ریکارڈ اور ٹریکر سسٹم کا بھی تفصیلی معائنہ کیا۔بعد ازاں انہوں نے ریسکیورز کی آپریشنل صلاحیتوں کو جانچنے کیلئے سنٹرل ریسکیو اسٹیشن پر CPR اور مختلف ایمرجنسی تیکنیک کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرگوجرانوالہ میاں رفعت ضیاء اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ڈویژنل ایمرجنسی آفیسر نے ریسکیورز کی صلاحیتوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ضروری ہدایات بھی دیں۔