• news

پٹرولیم مصنوعات، دیگر اشیا کی سمگلنگ کا نوٹس، رمضان امن، رواداری کا پیغام: وزیراعظم

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی + نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات اور دیگر اشیاء کی سمگلنگ کا نوٹس لیتے ہوئے وزارت داخلہ، توانائی اور صنعت و پیداوار کے متعلقہ حکام کو وزیراعظم آفس طلب کرلیا جس میں حکام کو ایکشن پلان ساتھ لانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل کی جانب سے وفاقی حکومت کو پیٹرولیم مصنوعات کی سمگلنگ سے متعلق خط لکھا گیا تھا۔ اس کے علاوہ گندم، چینی اور کھاد سمیت مختلف اشیاء کی دوبارہ سمگلنگ کی شکایات بھی موصول ہوئی تھیں۔ علاوہ ازیں وزیراعظم شہبازشریف نے وزارت خارجہ میں سفیروں کے اعزاز میں عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ رمضان کا مہینہ امن پھیلانے کا پیغام ہے۔ رمضان کے بابرکت موقع پر آپ سب کو دل کی گہرائیوں سے مبارک باد دیتا ہوں۔ رمضان کا مقدس مہینہ نہ صرف روزہ رکھنے بلکہ قربانی اور نظم و ضبط کا درس بھی دیتا ہے۔ پاکستان عالمی برادری کے تمام ممالک سے دوستانہ تعلقات چاہتا ہے۔ پاکستان کسی سے عداوت نہیں رکھنا چاہتا۔ امید کرتے ہیں سلامتی کونسل کی غزہ سے متعلق قرارداد پر فوری عمل کیا جائے گا۔ رمضان ہم آہنگی، امن اور رواداری کا پیغام ہے۔ آج ہمیں ان لازوال اقدار کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔ پاکستان میں سب کو اپنے عقیدے کے مطابق عبادت گاہوں میں جانے کی مکمل آزادی ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن