مسیحی برادری آج گڈ فرائیڈے منائے گی،سکیورٹی انتظامات مکمل
لاہور ( این این آئی) پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی برادری آج 29مارچ کو گڈ فرائیڈے منائے گی ۔اس سلسلے میں ملک بھر کے گرجا گھروں میں خصوصی دعائیہ تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا ۔مسیحی عقائد کے مطابق حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی صلیبی موت کی یاد کو گڈ فرائیڈے کے نام سے جانا جاتا ہے۔ اس روز خصوصی دعائیہ تقریبات کا اہتمام کیا جاتا ہے جن کا مقصد دراصل کرائسٹ کے ان دکھوں کو یاد کرنا ہے جو انہوں نے اپنی صلیب پر سہے اور ان کے منہ سے ادا کیے گئے سات کلمات کی اہمیت کو سمجھنا ہے۔مسیحی گڈ فرائیڈے کو حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی لازوال قربانیوں سے تعبیر کرتے ہوئے ان کے ساتھ عقیدت و احترام کا اظہار کرتے ہیں۔دوسری جانب پولیس و انتظامیہ کی جانب سے سخت ترین حفاظتی اقدامات کئے جائیں گے اور گرجاگھروں کے باہر اور اندر پولیس کی نفری تعینات ہو گی ۔مسیحی برادری پرسوں(اتوار )کو اپنا سب سے بڑا مذہبی تہوار ایسٹر منائے گی ،ایسٹر روزوں کے ایام کے بعد منایا جانے والا مسیحی تہوار ہے۔ اس سے قبل 40روزے رکھے جاتے ہیں۔ ایسٹر کو عید پاشکا یا عید قیامت المیسح بھی کہا جاتا ہے۔