اڈیالہ میں عمران خان سمیت قیدیوں سے ملاقات پر دو ہفتے کی پابندی ختم
راولپنڈی(نوائے وقت رپورٹ) اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سمیت وی آئی پی قیدیوں اور عام قیدیوں سے ملاقات پر دو ہفتے کی پابندی ختم کر دی گئی۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق راولپنڈی پنجاب حکومت نے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر12 مارچ کو اڈیالہ جیل میں ملاقاتوں پر پابندی عائد کی تھی آج اڈیالہ جیل میں ملاقاتیں دوبارہ بحال ہوگئی ہیں۔ ملاقاتوں پر پابندی کے باعث رمضان میں قیدی دو ہفتے تک اپنے پیاروں سے ملاقات نہیں کر سکے تھے۔ ملاقاتوں پر پابندی کا مقصد بانی پی ٹی آئی سمیت اڈیالہ جیل میں 7 ہزار سے زائد قیدیوں کی حفاظت کو یقینی بنانا تھا۔ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے مطابق راولپنڈی جیل میں آج سے ملاقاتوں پر پابندی ختم ہو چکی ہے۔ بانی پی ٹی آئی، سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، سابق وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی سے ملاقات ہو سکے گی، راولپنڈی جیل میں موجود تمام قیدیوں کے لواحقین نارمل ایس او پیز کے مطابق ملاقات کر سکیں گے۔ دریں اثناء سردار لطیف کھوسہ اور علی محمد خان بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لئے اڈیالہ جیل پہنچ گئے۔