عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کے جنگی جرائم کی تحقیقات کرائے: حریت کانفرنس
سری نگر (کے پی آئی) مقبوضہ کشمیرمیںکل جماعتی حریت کانفرنس نے مودی حکومت کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں جاری وحشیانہ مظالم اور ناانصافیوں میں اضافے پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت جموںو کشمیر پر اپنا ناجائز قبضہ زیادہ دیر تک برقرار نہیں رکھ سکتا اور وہ دن دور نہیں جب کشمیری اسکی غلامی سے آزادی حاصل کر لیں گے،عالمی برادری مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے جاری جنگی جرائم کی تحقیقات کرائے تاکہ مجرم اہلکاروں کو سزا دی جا سکے، کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں ایک بیان میں مودی حکومت کیطرف سے مقبوضہ علاقے میں جاری وحشیانہ مظالم اور ناانصافیوں میں اضافے پر تشویش کا اظہارکیا۔
بھارتیہ جنتا پارٹی کی ہندو توا بھارتی حکومت مقبوضہ جموںوکشمیر میں فوج اور پولیس کی مدد سے زمینوں اور دیگر املاک پر قبضے اور کشمیریوں کو ملازمتوں سے برطرف کر کے آباد کاری کے اپنے نوآبادیاتی مذموم منصوبے کو تیزی سے آگے بڑھا رہی ہے۔ایک میڈیا رپورٹ میں کہا گیا کہ مودی حکومت مسلم اکثریتی جموں و کشمیر کو ایک ہندو اکثریتی علاقے میں تبدیل کرنے کی کوشش کر رہی ہے ۔