• news

صدر سے برطانوی کمشنر کی ملاقات، اقتصادی تعلقات بڑھانے پر زور، موسمیاتی تبدیلیاں سنگین خطرہ: زرداری

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) صدر مملکت آصف علی زرداری سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے ملاقات کی۔ صدر مملکت نے پاکستان اور برطانیہ کے مابین تجارتی اور اقتصادی تعلقات مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ صدر مملکت اور برطانوی ہائی کمشنر نے دوطرفہ اہمیت کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ معیشت کا استحکام اولین ترجیح ہے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے، غربت کے خاتمے پر توجہ دی جائے گی۔ آصف علی زرداری نے مزید کہا کہ موسمیاتی تبدیلی پاکستان کے لئے سنگین چیلنج ہے، پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ خطرے سے دوچار ممالک میں شامل ہے، پاکستان میں شمسی اور ہوائی توانائی کی بڑی صلاحیت موجود ہے، شمسی اور ہوائی ذخائر سے ملکی توانائی کی ضروریات پوری کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ صدر مملکت نے بادشاہ چارلس سوئم اور پرنسز آف ویلز کیتھرین مڈلٹن کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ جین میریٹ نے صدر آصف علی زرداری کو صدر پاکستان کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے ملک کے جیمز اینڈ جیولری سیکٹر کی ترقی پر توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی برآمد سے پاکستان کو قیمتی زرمبادلہ کمانے میں مدد مل سکتی ہے۔ صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو یہاں پاکستان میں جیمز اینڈ جیولری سیکٹر کی ترقی کے حوالے سے ایوان صدر میں ہونے والے اجلاس کے دوران کیا۔ صدر نے کہا کہ عالمی جواہرات اور زیورات کی مارکیٹ میں داخل ہونے کے لئے پاکستان کی قیمتی پتھروں کی مصنوعات کی بہتر مارکیٹنگ اور تشہیر کی ضرورت ہے۔

ای پیپر-دی نیشن