• news

پنک راک سالٹ الاٹمنٹ کیس نیب کو بھیجنے کا فیصلہ، کاشتکاروں کو سولر ٹیوب ویل، جدید مشینری دینگے: مریم نواز

 لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعلیٰ  مریم نواز شریف نے  لاہور رنگ روڈ سدرن لوپ تھری پراجیکٹ کا دورہ کیا اور  ایس ایل تھری پراجیکٹ کی جلد تکمیل کا حکم دیا۔ رنگ روڈ ایس ایل فور کی تعمیر کے لیے ضروری اقدامات کی ہدایت کی اور کہا کہ ایس ایل 4 مراکہ سے شرق پور انٹر چینج ایم تھری بنایا جائے گا۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے اڈہ پلاٹ سے مراکہ ملتان روڈ تک پور ے رنگ روڈ کی سائٹ کا معائنہ کیا اور ملتان روڈ پر لاہور رنگ روڈ انٹر چینج پر مقامی پود ے لگانے کی ہدایت کی۔ مریم نوازشریف نے بنیادی مرکز صحت شامکے بھٹیاں اپ گریڈیشن پائلٹ پراجیکٹ کا دورہ کیا۔ آٹھ دن میں شامکے بھٹیاں بی ایچ یو کی اپ گریڈیشن کا پائلٹ پراجیکٹ مکمل کیا گیا۔  وزیر اعلیٰ  کو مریض کی رجسٹریشن کے آن لائن سسٹم کے بارے میں بتایا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے ڈاکٹر، سٹاف اور مریضوں سے بات چیت، صورتحال کے بارے میں دریافت کیا۔  مریم نواز شریف نے کہا کہ ہیلتھ سیکٹر میں بہتری اور اصلاحات اولین ترجیح ہے۔ ہر ہسپتال میں ہر وقت ڈاکٹر اور سٹاف کی موجودگی یقینی بنائی جائے۔  مریم نواز شریف  نے آئندہ 5 برس  میں تمام کھالے پکے کرنے کا حکم  دیا ہے۔ کسانوں کے لئے انقلابی و تاریخی اقدامات صوبے بھر کے تمام کھالے پکے کرنے کے پروگرام اور سولر ٹیوب ویل پراجیکٹ کی اصولی منظوری دیدی۔ اس ضمن میں پہلے مرحلے میں دو سال کے اندر 10 ارب کی لاگت سے 1200 کھالے پختہ کیے جائیں گے اور دوسرے مرحلے میں 7ہزار کھالے پکے کیے جائیں گے۔ 25 ایکڑ زمین تک رکھنے والے کاشتکاروں کو دو سال میں سولر سسٹم مہیا کئے جائیں گے۔  مریم نواز شریف کی زیر صدارت  اجلاس میں متعدد زرعی پراجیکٹس کی بھی اصولی منظوری دی گئی۔ کاشتکاروں کو 60فیصد سبسڈی پر 56 اقسام کی زرعی مشینری دینے کا اصولی فیصلہ کیا گیا جبکہ کاشتکاروں کوایک ہزار لیزر لیولر اگلے 6 ماہ میں دئیے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے بیج کی پیداوار 4 لاکھ ٹن سے بڑھا کر 6 لاکھ ٹن تک کرنے کی ہدایت کی۔  سویابین سیڈ کی ایک لاکھ ایکڑ ایریا پر کاشتکاری کی تجویز پر غورکیا گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ ہائی ٹیک زرعی مشنری پر ٹیکس اور ڈیوٹی ختم کروانے کیلئے وفاقی حکومت سے رابطہ کیا جائے گا۔ مریم نواز شریف کی زیر صدارت مائنز اینڈ منرلز ڈیپارٹمنٹ کے منصوبوں کے جائزہ اجلاس میں گزشتہ دور حکومت کے دوران پنک راک سالٹ کی غیر قانونی طور پر الاٹمنٹ پر کیس نیب میں بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا۔  پنک راک سالٹ کی خام حالت میں برآمد پر پابندی کی تجویز اور پنک راک سالٹ سے بہتر ریوینیو حاصل کرنے کیلئے ویلیو ایڈڈ انڈسٹری لگانے کی پلاننگ پر اتفاق کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے پنک سالٹ کی ویلیو ایڈڈ پراڈکس پر جامع پلان مرتب کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ محکمہ معدنیات میں کرپشن پر قابو پانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے۔ چنیوٹ میں خام لوہے کی مائننگ کا پراجیکٹ شروع کرنے کیلئے 7 روز میں جامع پلان طلب کرلیا اور مائنز اینڈ منرل لیبر کی فلاح و بہبود کے منصوبوں کیلئے 25 کروڑ روپے کے فنڈز کی منظوری دی۔ مریم نے کہاکہ معدنیات کی نیلامی میں انٹرنیشنل سرمایہ کاروں کو بھی مدعو کیا جائے۔ ملکی ذخائر کو کوڑیوں کے بھاؤ فروخت نہیں ہونے دیں گے، صرف اوپن آکشن کے ذریعے نیلامی ہوگی۔ غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے مواقع پیدا کریں گے اور فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ صوبہ میں لائیں گے۔ مائنز اور منرلز ڈیپارٹمنٹ کی 18 ڈویلپمنٹ سکیموں کیلئے فنڈز فوری فراہم کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے مارگلہ ہلز سے لائم سٹون نکالنے والے ٹھیکیداروں سے 4 ارب روپے کے بقایاجات کی ریکوری کیلئے فوری اقدامات کا حکم دیا اور مائنز اینڈ منرلز ڈیپارٹمنٹ کی انکم میں اضافہ کا پلان طلب کرلیا۔ انہوں نے کہا کہ کان میں کام کرنے والے مزدوروں کی حفاظت کے قوانین پر محکمہ عملدرآمد یقینی بنائے۔

ای پیپر-دی نیشن