خواجہ سلمان رفیق کاسٹیٹ آف دی آرٹ نواز شریف کینسرکئیرہسپتال کا جائزہ
لاہور(نیوز رپورٹر) صوبائی وزراء صحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر کی زیرصدارت آئی ڈیپ ہیڈآفس میں اجلاس ہوا،جس میں سیکرٹری صحت پنجاب علی جان خان،سی ای او آئی ڈیپ کیپٹن(ر) شامیر، چیف پلاننگ آفیسر عبدالحق بھٹی اور میاں طارق سمیت دیگرافسران نے شرکت کی۔صوبائی وزراء صحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر نے اجلاس کے دوران لاہورمیں سٹیٹ آف دی آرٹ نواز شریف کینسرکئیرہسپتال کے ماسٹر پلان کا تفصیلی جائزہ لیا۔ سیکرٹری صحت علی جان خان اور سی ای او آئی ڈیپ کیپٹن (ر) شامیر نے اس حوالے سے صوبائی وزراء کو بریفنگ بھی دی۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازکے ویژن کے مطابق لاہورسمیت پنجاب بھرمیں کینسرکے مریضوں کو ایک ہی چھت تلے علاج و معالجہ کی بہترسہولیات میسر آ سکیں گی۔دریں اثناء خواجہ سلمان رفیق نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں محکمہ صحت کے افسران کے ہمراہ پی آئی سی کا تفصیلی دورہ کیا اور کنٹریکٹرز کے ساتھ ملاقات کی۔انہوں نے کہاکنٹریکٹرز کو پی آئی سی کے آپریشن تھیٹرز مئی کے دوسرے ہفتے کی بجائے 10 اپریل تک مکمل کرنے کی ہدایت کی۔پی آئی سی میں مریضوں کیلئے مشکلات نا قابل برداشت ہیں۔ پی آئی سی میں آپریشن تھیٹرز پر پیش رفت کو فاسٹ ٹریک پر مانیٹر کر رہے ہیں۔صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ فارما سوٹیکل انڈسٹری کے معیار کی بہتری کیلئے ہمارے ماہرین اپنی سروسز دینے کیلئے ہر وقت تیار ہیں۔ فارما انڈسٹری اور پروڈکٹس کی بہتری کیلئے ان کے نمائندوں سے باقاعدہ رابطہ رکھا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے پنجاب کوالٹی کنٹرول بورڈ کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی کوالٹی کنٹرول بورڈ کے اجلاس میں ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ سروسز میں بورڈ کے معاملات، ورکنگ اور کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔