کئی وارداتو ں میں ڈاکو شہریوں سے لاکھوں روپے‘قیمتی سامان لوٹ کر لے گئے
لاہور(نامہ نگار)شہر کے مختلف علاقوں میں ڈاکوؤں اور چوروں نے چوری و ڈکیتی کی وارداتوں میں متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، موٹر سائیکلیں، گاڑیاں اور دیگر سامان لوٹ لیاہے۔روز نامہ نوائے وقت کے کارکن محمد زبیر کی موٹر سائیکل چوری ہوگئی ۔ انہوںنے اپنے گھر واقع اندرون بھاٹی گیٹ کھجور گلی محلہ پٹرنگا میں کھڑی کی تھی ۔ موٹر سائیکل نمبر ایل زیڈ ڈبلیو 5926کی ایف آئی آر تھانہ بھاٹی گیٹ میں درج کرادی گئی ہے ۔ ڈاکوؤں نے مغلپورہ میں فرحان کے گھر میں گھس کر اہلخانہ کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر 5لاکھ 10ہزار ‘پرائز بانڈ، زیوارات دیگر سامان، ٹاؤن شپ میں عابد ‘ اس کی فیملی سے 4لاکھ91 ہزار‘ زیوارات ‘ موبائل فون،شیرا کوٹ میں کبیر کی فیملی سے 2لاکھ 27ہزار‘ زیوارات،گڑھی شاہو میں یاسر سے 56ہزار ‘ موبائل فون،مسلم ٹاؤن میں سلطان سے 42ہزار ‘موبائل فون،نشتر کالونی میں فدا سے 17 ہزار ‘ موبائل فون،گلشن اقبال میں خاور سے 23 ہزار‘ موبائل فون لوٹ لیا اورفرارہوگئے ہیں۔چوروں نے فیصل ٹاؤن،ڈیفنس ‘ ہربنس پورہ سے 3 گاڑیاں،مانگا منڈی سے رکشہ جبکہ رنگ محل،بھاٹی گیٹ،سندر،گارڈن ٹاؤن،گرین ٹاؤن،گلشن اقبال، کاہنہ ‘ گڑھی شاہو سے9 موٹرسائیکلیں چوری کرلیں اورفرارہوگئے۔اسلام پورہ کے علاقے باؤ محلہ، سنت نگر میں موٹر سائیکل سوار تین ڈاکوؤں نے 22 سالہ عبداللہ سے موبائل فون چھیننے کے دوران مزاحمت کرنے پر اسے فائرنگ کرکے شدید زخمی کردیا اور موقع سے فرار ہو گئے ہیں۔زخمی نوجوان عبداللہ کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔