• news

آصفہ بھٹو کی پارلیمانی سیاست میں انٹری، بلامقابلہ رکن قومی اسمبلی منتخب

اسلام آباد+ نوابشاہ (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 207 سے پیپلز پارٹی کی امیدوار آصفہ بھٹو زرداری بلا مقابلہ کامیاب ہوگئیں۔ یوں والد کی چھوڑی سیٹ پر ان کی پارلیمانی سیاست میں انٹری ہوئی ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق آصفہ بھٹو سمیت 11 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے۔ آر او شیر علی جمالی نے بتایا کہ 7 آزاد امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد ہوئے تھے۔ باقی 3 امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی واپس لیے جانے کے بعد اب این اے 207 پر آصفہ بھٹو زرداری بلا مقابلہ کامیاب قرار پائی ہیں۔ محترمہ بینظیر بھٹوکی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 207 سے بلامقابلہ منتخب ہونے پر اظہار تشکر کیا ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ میں اپنے حلقہ انتخاب کے عوام کی بنا سیاسی وابستگی اپنی بہترین صلاحیت کو بروئے کار لاتے ہوئے خدمت کا عہد کرتی ہوں۔ پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے آصفہ بھٹو زرداری کو بلامقابلہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہونے پر مبارک باد دی۔ نثار کھوڑو نے کہاکہ آصفہ بھٹو زرداری کی قومی اسمبلی کے ایوان میں موجودگی سے شہید بینظیر بھٹو کے عکس کی موجودگی محسوس ہوگی۔ پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹینز کے سیکرٹری جنرل سید نیئر حسین بخاری کی آصفہ بھٹو زرداری کو بلامقابلہ ممبر قومی اسمبلی کامیابی پر دلی مبارک باد شہید جمہوریت بینظیر بھٹو کی دختر آصفہ بھٹو زرداری کی کامیابی پرتمام جیالوں کو بھی مبارک باد پیش کرتاہوں۔ 

ای پیپر-دی نیشن