• news

فلسطین کے ساتھ‘ ایران سے تعاون کی وسیع گنجائش‘ صدر: سفیروں کی ملاقات

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) صدر زرداری سے فلسطین اور  ایران کے سفیروں نے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ صدر نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑا رہے گا اور ہر فورم پر ان کے لئے آواز بلند کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے  فلسطین کے سفیر احمد جواد ربیع سے بات چیت میں کیا۔ سفیر نے صدر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے غزہ کی پٹی میں بے گناہ فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی فوج کے مظالم اور دہشت گردی پر روشنی ڈالی۔ صدر نے فلسطینی عوام کی بہادری اور اسرائیلی قبضے کے خلاف طویل جدوجہد کو سراہا اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ تمام رکاوٹوں کو ہٹا کر اور غزہ کی پٹی میں فلسطینی شہریوں کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے۔ غزہ میں انسانی امداد کی آزادانہ ترسیل کے لیے کوششیں کرے۔ سفیر نے فلسطینی صدر محمود عباس کا سلام بھی پیش کیا اور فلسطینی عوام کے ساتھ مسلسل حمایت اور یکجہتی پر پاکستان کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔ صدر نے پاکستان اور ایران کے باہمی فائدے کے لئے بارٹر تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں دوطرفہ اقتصادی تعاون کو وسعت دینے کی وسیع گنجائش موجود ہے۔ صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار پاکستان میں ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کو درپیش مشترکہ چیلنجوں پر قابو پانے کے لئے مل کر کام کرنے پر زور دیا۔

ای پیپر-دی نیشن