• news

مسیحی برادری نے گڈ فرائیڈے منایا،  کل ایسٹر منائے گی 

لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان کی مسیحی برادری نے گزشتہ روز  گڈ فرائیڈے کا تہوار  مذہبی عقیدت و احترام سے منایا۔ اس سلسلے میں  ملک بھر کے گرجا گھروں میں خصوصی دعائیہ تقریبات کا اہتمام کیا گیا جہاں ملکی سلامتی اور تعمیر و ترقی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ اس موقع پر پولیس و انتظامیہ کی جانب سے سخت ترین حفاظتی اقدامات کئے گئے اور گرجا گھروں کے باہر اور اندر پولیس کی نفری تعینات کی گئی۔ مسیحی عقائد کے مطابق حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی صلیبی موت کی یاد کو گڈ فرائیڈے کے نام سے جانا جاتا ہے۔ دنیا بھر میں مسیحی برادری کل 31مارچ اتوار کو ایسٹر کا تہوار مذہبی جوش و خروش سے منائے گی۔ اس دن کی مناسبت سے گرجا گھروں میں خصوصی عبادات کی جائیں گی۔ ملک بھر کے گرجا گھروں کیلئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں بسنے والے مسیحی31مارچ اتوار کو اپنا تہوار ایسٹر مذہبی جوش و خروش سے منائیں گے۔ اس دن کی مناسبت سے مسیحی عبادتگاہوں میں خصوصی عبادات کی جائیں گی جس میں ملک و قوم کی سلامتی کے بھی خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔ مسیحی عبادتگاہوں کیلئے خصوصی سکیورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے جس کے تحت گرجا گھروں کے اندر اور باہر پولیس اہلکار تعینات رہیں گے جبکہ عبادت کیلئے آنے والوں کو جامہ تلاشی کے بعد اندر داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی۔ 

ای پیپر-دی نیشن