• news

بانی پی ٹی آئی پر پہلے بھی حملہ ہو چکا، مزید کسی بڑے حادثے کے متحمل نہیں ہو سکتے: چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ

لاہور (خبر نگار) لاہور ہائیکورٹ نے عمران خان کو جیل میں سکیورٹی فراہم کرنے کی درخواست کے قابل سماعت ہونے سے متعلق درخواست گزار وکیل کو دلائل پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے مزید سماعت تین اپریل تک ملتوی کردی۔ چیف جسٹس  نے قرار دیا کہ  بانی پی ٹی آئی پر پہلے بھی حملہ ہوچکا ہے، ہم مزید کسی بڑے حادثے کے متحمل نہیں ہوسکتے۔ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب خالد اسحاق نے درخواست قابل سماعت ہونے پر اعتراض اٹھایا اور موقف اختیار کیا کہ  سکیورٹی خدشات سے متعلق رپورٹ طلب کروں گا،  بانی پی ٹی آئی ہوں یا اللہ دتہ، ان کی سکیورٹی کی ذمہ داری ہماری ہے۔ چیف جسٹس  لاہور ہائیکورٹ جسٹس ملک شہزاد احمد خان نے ریمارکس دیے کہ پہلے لیاقت علی خان اور پھر بے نظیر بھٹو کو شہید کردیا گیا، بانی پی ٹی آئی پر پہلے بھی حملہ ہوچکا ہے، چیک کریں ان کو کس لیول کے سکیورٹی خدشات ہیں۔ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کہا کہ یہ درخواست راولپنڈی بینچ میں سنی جاسکتی ہے، پرنسپل سیٹ پر نہیں۔ عدالت نے بانی پی ٹی آئی کے وکیل کو درخواست کے قابل سماعت ہونے سے متعلق آئندہ سماعت پر دلائل دینے کی ہدایت دیتے ہوئے کارروائی 3اپریل تک ملتوی کردی۔

ای پیپر-دی نیشن