دفتر خارجہ میں افطار ڈنر‘ بھارتی سفارتکاروں کی عدم شرکت پر حکومت نالاں
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) دفتر خارجہ میں سفیروں کیلئے افطار ڈنر کی تقریب میں بھارتی سفارت کاروں کی عدم شرکت پر پاکستان حکومت شدید نالاں ہے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق نئی حکومت کا بھارت سے مثبت تعلقات کی خواہش کا اظہار جبکہ بھارتی ہائی کمیشن نے سفارتی آداب کے منافی رویہ اختیار کیا۔ وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے 27 مارچ کو اپنے دفتر میں میں وزیر اعظم اور غیر ملکی سفیروں کیلئے افطار ڈنرکا اہتمام کیا۔ افطار ڈنر میں دیگر ممالک کے سفیروں کے ساتھ بھارتی ناظم الامور کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام تر سفارتی آداب کو پس پشت رکھتے ہوئے بھارتی سفارت کار افطار ڈنر میں شریک نہ ہوئے۔ سفارت کاروں کی افطار ڈنر میں عدم شرکت سفارتی روایات کے خلاف ہے، بھارت نے عدم شرکت پر ابھی تک معذرت یا تاسف کا خط بھی نہیں بھیجا۔ واضح رہے سفارتی ذرائع ڈپلومیٹک کور کے لیے آخری افطار ڈنر 2022 میں سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے دیا تھا جس میں بھارتی سفارت کاروں نے بھی شرکت کی تھی۔