اسلام پورہ: پتنگ بازوں کی ڈرون سے مانیٹرنگ، قانون پر عملدرآمدکیلئے ہائیکورٹ سے رجوع
لاہور (نامہ نگار+ خبر نگار) شہر میں پتنگ بازی کی روک تھام کے لئے تھانہ اسلام پورہ نے ڈرون کیمروں کی مدد سے مانیٹرنگ شروع کر دی۔ ڈرون کیمرے کی مدد سے پتنگ بازوں کی گرفتاری کو یقینی بنایا جائے گا۔ سی سی پی او لاہور ڈی آئی جی آپریشنز کے احکامات کی روشنی میں، سٹی ڈویژن پولیس نے پتنگ بازی کے خلاف جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا۔ ایس ایچ او اسلام پورہ نے ڈرون کیمروں کی مدد سے علاقہ کا پتنگ بازی کے حوالہ سے جائزہ لیا۔ جبکہ ایس پی سٹی قاضی علی رضا کہتے ہیں پتنگ بازی کے انسداد کے لیے آگاہی مہم اور کارروائیاں جاری رکھیں گے۔ پتنگ بازی کیخلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا گیا۔ لاہور کے مقامی شہری اعظم بٹ نے رانا سکندر ایڈووکیٹ کے توسط سے درخواست میں بتایا ہے کہ مغل پورہ سمیت دیگر علاقوں میں پتنگ بازی جاری ہے، پتنگ بازی کے خونی کھیل کی وجہ سے کئی قیمتی جانے ضائع ہو چکی ہیں۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ پتنگ بازی پر پولیس کو سخت کارروائی کرنے کے احکامات دیئے جائیں، عدالت پتنگ بازی پر پابندی کے قانون پر سختی سے عمل درآمد کا حکم دے اور عوام کے تحفظ کے لیے موٹر سائیکلوں پر لوہے کے راڈ لگانے کا بھی حکم دیا جائے۔ پتنگ بازی کی ویڈیو وائرل ہونے پر مسلم لیگ ن کے رہنما راؤ اجمل کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ سیالکوٹ، گوجرہ سے آٹھ پکڑے گئے۔ سینکڑوں پتنگیں، ڈور برآمد کر لی۔