بھارت میں بھی عدلیہ پر دبا ئوکا الزام، 600 وکلا کا چیف جسٹس کو خط
نئی دہلی(این این آئی)بھارت میں سیکڑوں وکیلوں نے چیف جسٹس آف انڈیاڈی وائی چندرچوڑ کو خط لکھ کر الزام عائد کیا ہے کہ ایک مفاد پرست گروپ عدلیہ پر دبائو ڈالنے اور انہیں بدنام کرنے کی کوشش کررہا ہے۔ معاملے پر بھارتی وزیراعظم کانگریس پر برس پڑے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق وزیر اعظم مودی نے اس خط پراپوزیشن جماعت کانگریس کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ، دوسروں کو دھمکانا کانگریس کا قدیم کلچر ہے۔ وہ بے شرمی سے اپنے ذاتی مفادات کے لئے دوسروں سے عہد چاہتے ہیں لیکن قوم کے تئیں کسی بھی قسم کی وابستگی سے گریز کرتے ہیں۔وزیر اعظم مودی کے بیان پر کانگریس قیادت نے فوری ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ، وزیر اعظم نے جمہوریت کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے اور آئین کو نقصان پہنچانے کے فن میں مہارت حاصل کرلی ہے۔کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے نے مودی حکومت کے دور حکومت میں عدلیہ کے بحران کو اجاگر کرتے ہوئے 3 نکاتی پوسٹ لکھی۔انہوں نے کہا کہ عدلیہ کے دفاع کے نام پر عدلیہ پر حملہ کرنے میں وزیر اعظم کی بے شرمی منافقت کی انتہا ہے۔کانگریس کے سینئر لیڈر جے رام رمیش نے وزیر اعظم کی پوسٹ کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ نے انہیں غیر آئینی قرار دیا تھا اور اب یہ بات بلا شبہ ثابت ہوگئی ہے کہ وہ کمپنیوں کو بی جے پی کو چندہ دینے پر مجبور کرنے کے لیے خوف، بلیک میلنگ اور دھمکانے کا ایک کھلا آلہ تھے۔انہوں نے کہا کہ ایم ایس پی کو قانونی گارنٹی دینے کے بجائے وزیر اعظم نے بدعنوانی کو قانونی گارنٹی دی ہے۔ گزشتہ10 سالوں میں وزیر اعظم نے جو کچھ بھی کیا وہ تقسیم کرنا، توڑ مروڑ کر پیش کرنا، موڑنا اور بدنام کرنا ہے۔ 140 کروڑ ہندوستانی بہت جلد انہیں منہ توڑ جواب دینے کا انتظار کررہے ہیں۔