• news

ریاست کی رٹ چیلنج کرنے والے سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے، وزیراعلیٰ بلوچستان 

اسلام آ باد (آئی ا ین پی ) وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ جن لوگوں نے حکومت کی رٹ کو چیلنج کیا ہوا ہے، جن لوگوں نے تشدد کا راستہ اپنایا ہوا ہے، جنہوں نے معصوم شہریوں کے قتل و غارت کا راستہ چنا ہے، ان کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ڈائیلاگ سے مسئلہ حل ہو لیکن اس سے نہیں ہوتا، ہمیں آئین نے یہ ذمہ داری دی ہے کہ ہم اپنے لوگوں کا تحفظ کریں، اپنے اثاثہ جات کا تحفظ کریں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کے جان و مال کی حفاظت اور عزت کی حفاظت کرنا ہم پر آئینی طور پر ذمہ داری ہے۔ سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں جمعیت علمائے اسلام (ف) اپوزیشن میں ہے، لیکن سیاسی ہم آہنگی کے لیے بہت سارے معاملات پر اکٹھے ہو جاتے ہیں، بہت ساری جگہوں پر یہ ہماری اپوزیشن کرتے ہیں، یہ انتہائی مثبت ہے، بنیادی طور پر اتحادی تو پاکستان مسلم لیگ(ن)اور پاکستان پیپلزپارٹی ہے، ہم بیٹھیں گے اور اپنے فیصلے کریں گے اور مشاورت کے ساتھ صوبائی کابینہ کا فیصلہ کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں وزیراعلی بلوچستان کا کہنا تھا کہ جب کوئی سرینڈر کرتا ہے، جب کوئی ہتھیار ڈالتا ہے اور تشدد کا راستہ ترک کرتا ہے، تو دو سے تین عوامل ہیں، جس کی وجہ سے وہ یہ سوچتا ہے، ایک تو یہ ہے کہ تشدد سے بلوچستان کوئی بھی حقوق حاصل کرنا ممکن نہیں ہے، آج تو بلوچستان کو جو حقوق ملے ہیں، وہ سب پاکستان کی پارلیمان نے دیے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن