‘‘ ہم سب ہے پاکستان ‘‘
مکتوب فرانس
پیرس سے صاحبزادہ عتیق کی رپورٹ
فرانس کی پاکستانی کمیونٹی کی معروف شخصیات مسلم لیگ ن فرانس کے سینئر راہنماؤں سردار ظہور اقبال ، راجہ علی اصغر اور نعیم چوہدری نے یوم پاکستان کے حوالے سے ایک بڑے پروگرام کا اہتمام کیا۔ ‘‘ ہم سب ہیں پاکستان ‘‘ کے عنوان سے اس عظیم الشان پروگرام میں فرانس کی پاکستانی کمیونٹی کی سیاسی ، سماجی و کاروباری تنظیموں نے نمائندوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ تقریب میں مختلف ٹاؤنز کے فرانسیسی مئیر اور ضلعی عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔ تقریب کے مہمان خصوصی سفیر پاکستان عاصم افتخار احمد نے اپنے خطاب میں تئیس مارچ یوم پاکستان کے حوالے سے بھر پور روشنی ڈالی اور اس کی تاریخی اہمیت کے مختلف پہلوں کو اجاگر کیا، سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا کہ 1940 کو آج کے دن مسلمانوں نے ایک علیحدہ ریاست کا مطالبہ کیا جہاں وہ اپنی خواہشات کے مطابق زندگی بسر کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ 23 مارچ تحریک پاکستان کی تاریخ میں ایک تاریخی دن ہے۔ یہ ایک علیحدہ وطن کے لیے ہمارے آباؤ اجداد کی دلیرانہ جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے ، ایک ایسی جدوجہد جس کو ایک سمت اور رفتار فراہم کی گئی تھی جس کا آغاز 1940 کی تاریخی قرارداد لاہور سے ہوا جسے بعد میں قرارداد پاکستان کا نام دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ فرانس اور پاکستان کے درمیان تعلقات میں مثبت رفتار کار ہے اور دونوں ممالک نہ صرف سیاسی مشاورت سے بلکہ اقتصادی سرگرمیوں کے ذریعے بھی قریب آرہے ہیں جبکہ توانائی، آئی ٹی، زراعت اور لائیو سٹاک، سیاحت اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بہت زیادہ توجہ مرکوز کی گئی ہے۔
انہوں نے فرانس میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو ان کی کامیابیوں اور پاک فرانس تعلقات بالخصوص عوام کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے خدمات کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ دیار غیر میں ہماری سب سے بڑی پہچان پاکستان ہے ، اوورسیز پاکستانی وطن عزیز کے سفیر ہیں ، اور مجھے خوشی ہے کہ مختلف سیاسی و مذہبی وابستگیوں کے باوجود سبز ہلالی پرچم تلے سب اوورسیز پاکستانی متحد ہیں، قریبی شہروں کے مئرز نے اپنے خطاب میں پاکستانی کمیونٹی کو یوم پاکستان کے حوالے سے مبارکباد دی اور پاکستانی کمیونٹی کے مثبت کردار کا خصوصی ذکر کیا۔ تقریب کے میزبان سردار ظہور اقبال ، راجہ علی اصغر اور نعیم چوہدری نے اپنے خطاب میں تمام معزز مہمانوں کا ان کی آمد پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اوورسیز میں ہمارا اتحاد ہی پاکستان کی ترقی اور بہتر امیج بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ یوم پاکستان کا یہ شاندار منفرد اور باوقار پروگرام فرانس کی پاکستانی کمیونٹی کا نمائندہ پروگرام ہے اور ہماری آئیندہ بھی کوشش ہوگی کہ تمام قومی دن سبز ہلالی پرچم کے سائے تلے سیاسی و مذہبی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر صرف پاکستانی ہوکر منائے جائیں ، تقریب میں خواتین نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔ تقریب ایک بہت بڑے جلسے کا روپ دھار گئی۔ سفیر پاکستان عاصم افتخار احمد ، مئیرز اور کمیونٹی نمائندوں نے پاکستان زندہ باد کے نعروں کی گونج میں کیک بھی کاٹا۔ تقریب کے شرکاء کے لئے افطار ڈنر کا پرتکلف اہتمام کیا گیا تھا۔ سفیر پاکستان ، اور یورپ بھر کی پاکستانی کمیونٹی کی طرف سے میزبانوں سردار ظہور اقبال ، راجہ علی اصغر اور نعیم چوہدری کو کامیاب اور منظم پروگرام کرنے پر مبارکباد کے پیغامات کا تانتا بندھا رہا۔