آئی ایم ایف معاہدے کے بعد روپیہ مستحکم ہوا، جون تک مہنگائی میں کمی آ جائیگی: وزیر اطلاعات
لاہور(آئی ا ین پی ) وفاقی وزیراطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ جون تک مہنگائی میں 3 فیصد کمی آجائے گی،آئی ایم ایف معاہدے کے بعد روپیہ مستحکم ہوا ،عمران خان کے دور کی وجہ سے معاشی مشکلات آئیں، (ن)لیگ نے ہمیشہ خدمت کی سیاست کی ،ہمیشہ اپنے کارکن کی آواز بن کر کھڑی رہی ہے۔ وفاقی وزیراطلاعات عطا اللہ تارڑ نے لاہور میں مسلم لیگ(ن)کے کارکن عتیق چوہدری مرحوم کے گھر جا کر ان کی وفات پر اہلخانہ سے اظہار تعزیت کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ پارٹی پر جب مشکل وقت تھا عتیق چوہدری کبھی پیچھے نہیں رہے، اگر کی جماعتیں کھڑی ہوتی ہے تو ایسے کارکنوں کی جدوجہد کا نتیجہ ہوتا ہے، عتیق چوہدری ہمارے مشکل وقت کے ساتھی تھے، ہم کبھی نہیں بھولیں گے۔ عطا تارڑ نے کہا کہ نظریاتی کارکن پارٹی کا اثاثہ ہوتے ہیں، جماعتیں کسی مقام پر پہنچتی ہیں تو وہ نظریاتی کارکنان کی وجہ سے ہی پہنچتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)نے ہمیشہ خدمت کی سیاست کی ہے اور ہمیشہ اپنے کارکن کی آواز بن کر کھڑی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی مسائل کی وجہ سے مشکلات زیادہ ہیں، بانی تحریک انصاف عمران خان کے دور کی وجہ سے معاشی مشکلات آئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف)کے معاہدے کے بعد روپیہ مستحکم ہوا ہے، ان شا اللہ جون تک مہنگائی میں 3 فیصد کمی آجائے گی۔وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے حکومت کی جانب سے چیف جسٹس پاکستان کے عہدے کی مدت کا تعین کرنے سے متعلق خبروں کی تردیدکرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیا ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا حکومت کے پاس فی الحال ایسی کوئی تجویز زیر غور نہیں، نہ ایسی کوئی دستاویز دیکھنے میں آئی، نہ ایسی کوئی بات ہوئی ہے۔ عطا اللہ تارڑ نے کہا بعض ٹی وی چینلز اور سوشل میڈیا پر بے بنیاد مہم چلائی جارہی ہے، کسی بھی سطح پر چیف جسٹس کے عہدے کی میعاد پر بات نہیں ہوئی ، خبر غلط ہے، حکومت ایسا کوئی ارادہ نہیں رکھتی۔