لاہور میں ڈور سے مزید 2 افراد زخمی، وزیراعلیٰ کا نوٹس
لاہور + قصور + کراچی (نامہ نگار) ڈور پھرنے کے واقعات میں موٹر سائیکل سوار دو افرادزخمی ہوگئے۔ تفصیلات مطابق وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کے سخت احکامات کے باوجود شہر میں قاتل پتنگ بازی جاری ہے اور لاہور پولیس پتنگ بازی پر قابو پانے میں ناکام اور بے بس نظر آتی ہے۔ گزشتہ روز ماڈل ٹاؤن موڑ کے قریب کوٹ لکھپت کے رہائشی موٹر سائیکل سوار 28 سالہ نوجوان عدنان کے گلے پر کٹی پتنگ کی ڈور پھر گئی۔ جس سے وہ زخمی ہو کر نیچے گر پڑا۔ جسے ریسکیو ٹیم نے ابتدائی طبی امداد کے بعد ہسپتال منتقل کر دیا ہے جبکہ دوسرے واقعہ میں موٹر سائیکل سوار رضوان یوسف نامی واپڈا اہلکار ڈور پھرنے سے زخمی ہو گیا ہے۔ رضوان یوسف فیروز پور روڈ پر موٹر سائیکل پر جا رہا تھا کہ گلے پر ڈور پھرنے سے زخمی ہوا۔ دریں اثناء پتنگ بازی کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں کی ویڈیو وائرل ہونے پر ترجمان پنجاب پولیس نے کہا کہ ویڈیو ایک سال پرانی ہے۔ علاوہ ازیں ٹوبہ سے نامہ نگار کے مطابق پتنگ بازی کے مضر اثرات کے بارے میں آگاہی واک کی گئی۔ قصور کے علاقے کھڈیاں میں پتنگ سازی کی فیکٹری پکڑی گئی اور دو ملزم شہزاد اور اکمل عرف باؤ مسیح گرفتار کر لئے گئے۔ دریں اثناء کمشنر کراچی نے شہر میں پتنگ اڑانے پر پابندی عائد کر دی۔ دفعہ 144 کے تحت پتنگ بنانے اور فروخت پر بھی پابندی ہو گی۔ پتنگ بازی پر پابندی 30 مارچ سے 29 مئی تک رہے گی۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لاہور ڈور پھرنے سے دو افراد کے زخمی ہونے کے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سے رپورٹ طلب کر لی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ سخت احکامات کے باوجود پتنگ بازی اور ڈور پھرنے کے واقعات پر تشویش ہے۔ پتنگ بازی کے خونی کھیل کو ختم کریں گے۔