تاجر دوست سکیم کل سے لاہور، راولپنڈی‘ کراچی ،کوئٹہ اور پشاور میں نافذ
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) تاجر دوست سکیم کل سے موثر ہو جائے گی، یہ سکیم کراچی لاہور راولپنڈی کوئٹہ اور پشاور میں نافذ ہو گی اس سکیم کا نفاذ کمپنی ، قومی یا بین الاقوامی چین سٹورز پر نہیں کیا گیا، اس سکیم کے تحت سالانہ رینٹل ویلیو کو بزنس کے احاطہ کی فیئر مارکیٹ ویلیو کے 10 فیصد کے مساوی سمجھا جائے گا، اس میں وہ گھر بھی شامل ہوں گے جو بزنس پلیس کے طور پر استعمال ہوتے ہیں، اگر سکیم میں کوئی تاجر رجسٹر نہیں ہوتا ہے تو متعلقہ کمشنر سے از خود رجسٹر کر سکے گا، اس سکیم کے ساتھ رجسٹر ہونے والے بزنس کوکم از کم ٹیکس دینا پڑے گا تاہم اگر ایڈوانس ٹیکس کی ذمہ داری صفر بنے تو 1200 روپے سالانہ بطور ایڈوانس ٹیکس دینا ہوگا، بروقت ٹیکس ادا کرنے والوں کو کچھ رعایات بھی دی گئی ہیں، جن پر 1200 روپے سالانہ ایڈوانس ٹیکس لگے گا وہ ماہانہ ایک سو روپیہ جمع کرا سکتے ہیں،تاجر دوست اسکیم کا مقصد ٹیکس نیٹ سے باہر کے تاجروں کو رجسٹر کرنا ہے۔ اسکیم کے تحت دکان داروں کی آمدن کا ریکارڈ ایف بی آر کو موصول ہوگا جس سے سالانہ آمدن کے مطابق ٹیکس وصول کیا جائے گا۔ ایف بی آر کو اس اسکیم کے پہلے مرحلہ میں 100 ارب روپے کی آمدنی متوقع ہے۔دوسرے مرحلے میں دیگر شہروں کے تاجروں کی رجسٹریشن شروع کی جائیگی۔ اس کے نتیجے میں سالانہ 300 ارب روپے کی آمدنی متوقع ہے۔تاجر دوست اسکیم کے تحت تھوک فروشی، پھل، سبزی، گوشت بیچنے والوں، فرنیچر اور ارائش کے شو روم، زیورات، کاسمیٹکس، میڈیکل، ہارڈ ویئر کے اسٹورز کیلئے رجسٹریشن لازم ہوگی۔