مقبوضہ کشمیر سے بھارتی فوجیوں کاانخلاکالے قوانینکی منسوخی میں امن کیلئے ناگزیر
سرینگر (کے پی آئی )مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کے حالیہ بیان کو گمراہ کن قرار د یتے ہوئے کہاہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل اور خطے میں پائیدار امن و ترقی کیلئے مقبوضہ جموں و کشمیر سے بھارتی فوجیوں کا مکمل انخلااور تمام کالے قوانین کی منسوخی ناگزیر ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کے حالیہ بیان کو گمراہ کن قرار دیا جس میں انہوںنے کہا تھا کہ ان کی حکومت جموںوکشمیر میں نافذ آرمڈ فورسز سپیشل پاورز ایکٹ کو منسوخ کرنے اور علاقے میں تعینات فورسز اہلکاروں کی تعداد میں کمی لانے پر غور کر رہی ہے۔حریت ترجمان نے کہا کہ بھارتی رہنما ایک طرف کالے قوانین منسوخ کرنے کی بات کر رہے ہیں جبکہ دوسری طرف ان قوانین کا بے دریغ استعمال جاری رکھے ہیں۔ مقبوضہ کشمیرمیں اسلامی تنظیم آزادی جموں کشمیر کے چیئرمین اور کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما عبدالصمد انقلابی نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل ، ایمنسٹی انٹرنیشنل، ہیومن رائٹس واچ اور بین الاقوامی ریڈ کراس کمیٹی سمیت انسانی حقوق کی دیگر بین الاقوامی تنظیموں پر زور دیا ہے کہ وہ کشمیری قیدیوں کی حالت زار کا نوٹس لیں دوسری جانب بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں پارلیمانی الیکشن کے موقع پر کنٹرول لائن پر اپنی سکیورٹی فورسز کو ہائی الرٹ کر دیا ہے ۔مقبوضہ جموں کشمیر کے پانچ پارلیمانی حلقوں میں پانچ مرحلوں میں پولنگ ہوگی، بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس ( بی ایس ایف ) نے دعوکیا ہے کہ جموں و کشمیر میں انتخابات کے دوران مبینہ در اندازی کے امکانات بڑھ جاتے ہیں ۔ بھارتی الیکشن کمیشن نے مقبوضہ جموں کشمیر کے پانچوں پارلیمانی حلقوں میں دو مرکزی مبصرین تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ یونین ٹریٹری الیکشن اتھارٹی تمام 11 ہزار 629 پولنگ اسٹیشنوں پر مائیکرو آبزرور تعینات کریگی تاکہ آزادانہ منصفانہ اور شفاف انتخابات کو یقینی بنایا جا سکے ۔