منڈی بہائوالدین: کار نہر میں جاگری، 5 افراد ڈوب گئے، 2 کو بچا لیا گیا
منڈی بہائوالدین (نامہ نگار) تیز رفتار کار نہر میں جا گری، پانچ افراد ڈوب گئے۔ 14 گھنٹے طویل ریسکیو آپریشن کے بعد خواتین اور ایک بچی کی لاش کو نہر سے نکال لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق منڈی بہاء الدین کے علاقہ آہلہ کے قریب ایک کار گزشتہ رات دس بجے تیز رفتاری کے باعث نہر لوئر جہلم میں آہلہ اڈا پل پر موڑ کاٹتے ہوئے پل کے موڑ پر حفاظتی دیوار نہ ہونے کے باعث نہر میں جا گری جس میں موضع جوڑی سہارن کے پانچ افراد ڈوب گئے۔ ریسکیو 1122 کی غوطہ خور ٹیم نے محمد اعجاز اور فہد کو رات کے وقت ہی زندہ نکال لیا تھا جبکہ بشیراں بی بی، نایاب اور انابیہ کی لاشیں کار سمیت چودہ گھنٹے بعد نکال لیا گیا۔ ریسکیو 1122 کے عملہ نے لاشوں کو ان کے آبائی گاؤں منتقل کر دیا ہے۔ مقامی لوگوں نے ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ آہلہ پل پر اس سے قبل متعدد واقعات گاڑیاں نہر میں گرنے کے رونما ہو چکے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ نہر کے پل پر موڑ کے مقام پر حفاظتی دیوار تعمیر کی جائے۔