پیپلز پارٹی پنجاب میںحصہ بنی تو پھر وفاقی کابینہ میں بھی شریک ہوگی،خورشید شاہ
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اگر پنجاب میں کابینہ کا حصہ بنی تو پھر وفاقی کابینہ میں بھی شریک ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی ائی کو پارلیمنٹ کے اندر اور باہر اپنا کردار ادا کرنا چاہئے کیوں کہ اب فیصلے سڑکوں پر نہیں پارلیمنٹ کے اندر ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کسی قسم کی افراتفری کا متحمل نہیں ہوسکتا اور کسی سیاسی جماعت کو کشیدگی کا راستہ نہیں اپنانا چاہئے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی پہلی ترجیح پارلیمنٹ ہے اور ہم پوری قوت سے پارلیمنٹ کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کی بحالی ہماری پہلی ترجیح ہے اور تمام سیاسی جماعتوں کو ملک کی معاشی بہتری کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان زرعی ملک ہے اور ہم زراعت، معدنیات اور قدرتی وسائل کو ترقی دے کر اپنے پاؤں پر کھڑے ہو سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری ناکامی کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ ہم کامیاب پالیسیاں بنانے اور انہیں تسلسل سے چلانے میں ناکام رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کچھ بیرونی قوتیں ہماری ترقی سے خوفزدہ ہیں اور ایران سے گیس پائپ لائن میں رکاوٹ بھی اسی خوف کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے ضروری ہے کہا تمام پارلیمانی جماعتیں متفقہ لائحہ عمل اپنائیں اور پھر اس لائحہ عمل پر مضبوطی سے قائم رہیں۔ خورشید شاہ نے کہا کہ یہی وہ راستہ ہے کہ جس پر چل کر ہم ایک قدم آگے اور دوقدم پیچھے کے چکر سے نکل سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کی راہ میں کھڑی کی گئی رکاوٹوں سے ہم سب واقف ہیں اور اس طرح کی رکاوٹوں سے ملک مزید نقصان کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ خورشید شاہ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن سمجھدار سیاست دان ہیں اور اپنی سیاست کو بہتر طریقے سے آگے لیکر چلیں گے۔