لاہور چیمبر دکانداروں کو رجسٹر ،معیشت کیلئے حکومتی کوششوں کی حمایت کرتا ہے:کاشف انور
لاہور(کامرس رپورٹر )لاہور چیمبر نے ایس آر او 420(I)/2024مورخہ 21مارچ پر اپنی فیڈبیک دیتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ لاہور چیمبر کی تجاویز کو ڈرافٹ سکیم کے نفاذ سے قبل اس کا حصہ بنایا جائے گا۔ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کے نام ایک خط میں لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے کہا کہ لاہور چیمبر دکانداروں کو رجسٹر کرنے اور دستاویزی معیشت کو فروغ دینے کیلئے حکومت کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔ تاجر دوست سکیم کے ڈرافٹ میں تمام تاجروں اور دکانداروں کیلئے ماہانہ ایڈوانس ٹیکس کی تجویز دی گئی ہے۔ ٹیکس فائلنگ کیلئے زیادہ تر دکانداروں کا انحصار وکلا پر ہے۔ ماہانہ فائلنگ سے ان پر انتظامی بوجھ پڑے گا اور قانونی فیسوں اور جرمانے کی وجہ سے کاروبار کرنے کی لاگت میں اضافہ ہوگا۔