• news

قومی کرکٹرز کی کاکول میں مشقیں، کپتان کا اعلان آج متوقع

لاہور(سپورٹس رپورٹر) نیوزی لینڈ کیخلاف ٹی 20سیریز اور ورلڈ کپ کیلئے کاکول کیمپ میں قومی کھلاڑیوں کی ٹریننگ جاری ۔ گزشتہ روز کاکول ٹریننگ سینٹر میں بارش کی وجہ سے پریکٹس سیشن منسوخ کردیا گیا۔کھلاڑیوں نے انڈور ٹریننگ اور جم سیشن کیا۔تمام کھلاڑیوں کی سنوکر کھیلتے ویڈیو سامنے آگئی ۔ بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی ،افتخار احمد اور شاداب خان سنوکر کھیل رہے ہیں۔محمد عامر، محمد حارث ،عماد وسیم ،وسیم جونیئر ،حسن علی اور عباس آفریدی سمیت دیگر کھلاڑی خوشگوار موڈ میں گیم دیکھ رہے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹربابر اعظم کو ایک بار پھر ٹی 20 اور ون ڈے ٹیم کا کپتان بنانے کی پیشکش کردی جبکہ بابر نے تینوں فارمیٹ کی کپتانی دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ پی سی بی کی جانب سے کپتانی سے متعلق حتمی اعلان آج کئے جانے کا امکان ہے۔ قومی مینز کرکٹ ٹیم کے سلیکٹرز کاکول میں جاری قومی ٹیم کے فٹنس کیمپ جائیں گے جہاں کپتانی پر بھی بات چیت کا امکان ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کاکول میں جاری فٹنس کیمپ میں قومی سلیکٹرز کھلاڑیوں سے ملاقات کریں گے، قومی ٹیم کے سلیکٹرز کھلاڑیوں کے فٹنس سیشن دیکھیں گے۔ سلیکٹرز کی شاہین آفریدی اور بابراعظم سے ملاقات کا امکان ہے، ملاقات میں کپتانی سے متعلق بھی بات چیت ہوگی۔ آل رائونڈر شاداب خان نے کہا کہ روزے کی حالت میں ٹریننگ تھوڑی سی مشکل لگتی ہے۔اس کے علاوہ فاسٹ بولر حارث رئوف کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان کی خدمت کرنے کا خواب دیکھا تھا، اب فوج کے جوانوں کے ہمراہ ٹریننگ کررہاہوں۔

ای پیپر-دی نیشن