دوبارہ کرکٹ کھیلنے کی ٹھان لی ‘فٹنس حاصل کرونگا: عمران نذیر
لاہور (سپورٹس رپورٹر)قومی کرکٹر عمران نذیر نے کہا ہے کہ مجھے زہر دیا گیاتاہم اب دوبارہ کرکٹ کھیلنے کی ٹھان لی ہے۔ میں نے دوبارہ کرکٹ کی طرف واپس آنے کا فیصلہ کیا ہے، کرکٹ کھیلنے کیلئے فٹ ہونا بہت ضروری ہے۔ میں اگر فٹنس لیول حاصل کرتا ہوں تو کیوں اعلی سطح پر کرکٹ نہیں کھیل سکتا، میں چونکہ بہت عرصہ کرکٹ سے باہر رہا ہوں اس لیے مجھے فٹنس کیلئے تھوڑا وقت لگے گا۔ میں سمجھتا ہوں اور مجھے یقین بھی ہے کہ اگر میں فٹنس اور کرکٹ سکلز پر ایک دو ماہ کام کروں تو اچھی کرکٹ کھیل سکتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ اگر میں دوبارہ صحت مند ہوا ہوں تو پھر مجھے اللہ کِھلا بھی سکتا ہے، میں ضرور ایک دن اچھے لیول کی کرکٹ کھیلوں گا۔ میری سِلو پوائزننگ کی گئی، اس کیلئے میں کسی کا نام نہیں لوں گا بس ان کیلئے دعا کروں گا، میری ری کوری میں بہت ٹائم لگا، 7 سال بعد کرکٹ کے میدان میں آیا، یہ میری زندگی کا ایک ڈرائونا خواب تھا جسے اب میں بھلا چکا ہوں۔ زندگی اور صحت ملی ہے اس لیے اب دوبارہ کھیلنا شروع کر دیا ہے، میں جاتے جاتے اچھی کرکٹ کھیلنا چاہتا ہوں کیونکہ کرکٹ میرا روزگار ہے ۔