• news

اقلیت کی طرف اٹھنے والا ہر  ہاتھ طاقت سے روکیں گے ، مریم نواز 

لاہور+ شیخوپورہ +خانقاہ ڈوگراں ( نمائندگان+ نامہ نگاران ) وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف131 سال میں مریم آباد چرچ آنے والی پہلی وزیر اعلیٰ پنجاب بن گئیں، وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی ایسٹر پر مسیحی برادری کو مبارکباد، پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 10 ہزار مسیحی خاندانوں کو 5ہزار فی کس عیدی دی گئی۔ وزیر اعلیٰ نے شیخو پورہ کی بستی مریم آباد کے گھروں میںجاکر مسیحی گھرانوں کو ایسٹر گرانٹ کے چیک پیش کئے۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے مسیحی خواتین کو گلے لگا کر مبارکباد دی۔وزیر اعلیٰ مریم نواز خواتین سے گھل مل گئیں ۔مسیحی خواتین نے وزیر اعلی مریم نوازکا آمد پر شکریہ ادا کیا۔مسیحی رہنماؤں کے ساتھ ملکرایسٹر کا کیک بھی کاٹا۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے مسیحی گھرانے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایسٹر پر مسیحی برادری کی خوشیوں میں شریک ہیں۔  وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ایسٹر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ میرا خواب ایسا پاکستان ہے جہاں اکثریت اور اقلیت مل جل کر رہیں۔ ایسا پاکستان ہو جہاں ہر ایک کو اپنی عبادت کرنے کی آزادی ہو اور پورا تحفظ ملے-ایسا پاکستان ہو جہاں مذہب اور عقیدے کی بنیاد پر کوئی کسی کو نقصان نہ پہنچا سکے - اقلیت کی طرف اٹھنے والے ہر ہاتھ کو آہنی ہاتھ سے روکیں گے - انہوں نے کہا کہ  میں نے 11 سال کانوینٹ جیسز اینڈ میری سکول میں تعلیم حاصل کی-میری تربیت میں والدین کے بعد کانوینٹ سکول نے بڑا اہم کردار ادا کیا - وزیر اعلیٰ بننے پر سکول ہیڈ مسٹریس نے خوشی کا اظہار کیا کہ ہمارے سکول کی طالبہ سی ایم بن گئی - وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ میاں نواز شریف نے آپ سب کو ایسٹر کی مبارک دی ہے ۔ ہم سب پاکستانی ہیں، ہم سب ایک ہیں ،جب سب قومی ترانے کے ادب میں کھڑے ہوے تو تب باہمی فرق ختم ہو گیا - وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے لیے میں مسیحی برادری کی خدمات کو سراہتی ہوں -جسٹس کارنیلیس کانام عدل و انصاف اور سیسل چوہدری کانام پاک فضائیہ میں خدمات کے حوالے سے آج بھی جانا جاتا ہے - انکا نام رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا- ایسٹر کی خوشیوں میں شریک ہونے اور آپ کو بتانے آئی ہوں کہ آپ سب میرے اپنے ہیں -نیب پیشی پر جاتے ہوئے موٹر وے پر مریم آباد کا بورڈ دیکھ کر یہاں آنے کو دل چاہتا تھا۔ آج اللہ نے بھیج دیا۔باوقار استقبال ہمیشہ یاد رہے گا۔لاہور واپس روانہ ہونے لگیں توعوام کے ہجوم خاص طورپر بچوں کو دیکھ کر وزیراعلیٰ مریم نوازشریف سکیورٹی ہٹا کر بچوں سے ہاتھ ملایا اور کھڑے ہوکر سب کے نعروں کا جواب دیا۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ ایسٹر کا تہوار خوشیاں تقسیم کرنے کا دن ہے۔ ایسٹر ہمیں ہمدردی، معافی اور سب کے لیے محبت کی اقدار سکھاتا ہے۔ مسیحی برادری امن پسند اور قابلِ احترام ہے۔ پاکستان بلا رنگ و نسل، مذہب، ذات اور عقیدے کے ہم سب کا وطن ہے۔ ایسٹر معاشرے میں ہم آہنگی اور انسانیت کے جذبے کو فروغ دے گا۔ دعا ہے کہ ایسٹر خوشی، امن اور خوشحالی لائے۔علاوہ ازیں  مریم نواز شریف نے میانوالی مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال میں آیا سے 2 افراد کی مبینہ زیادتی کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن