وزرا سے باز پرس ہوگی ، بلیک اکانومی ، سمگلنگ کا خاتمہ کیا جائیگا وزیرا طلاعات
اسلام آباد (خبرنگارخصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پہلی مرتبہ وزارتوں کی کارکردگی جانچنے کے لئے تحریری طور پر اہداف دیدیئے ہیں، حکومت کی مثبت پالیسیوں کی بدولت روپے کی قدر مستحکم ہوئی ہے، آنے والے دنوں میں عوام کو مزید خوشخبریاں ملیں گی، ٹیکس نیٹ کا دائرہ کار وسیع کیا جائے گا، پسے ہوئے طبقے پر اضافی ٹیکسز کا بوجھ نہیں ڈالا جائے گا، جلد ملک کو بحرانوں سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔ پی ٹی آئی نے اپنے دور میں صرف سیاسی انتقام پر توجہ مرکوز کی، معیشت کا جنازہ نکالا، پی ٹی آئی نے مسلم لیگ (ن) کے اقدامات کی کاپی ہی کرلی ہوتی تو آج ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہوتا، انہوں نے صرف سیاسی مخالفین کو انتقام کا نشانہ بنایا، سی پیک کے ساتھ جو کچھ کیا اسے پوری قوم نے دیکھا۔ ماڈل ٹان میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے وزارتوں کی کارکردگی جانچنے کا تہیہ کیا ہے، تاریخ میں پہلی مرتبہ تحریری طور پر ہر وزارت کو قلیل المدت، درمیانی مدت اور طویل المدت اہداف دیئے گئے ہیں ۔ عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ تعلیمی اداروں اور صنعتوں کے اشتراک سے تجارت کو فروغ دینے کے لئے نظام لانے، وزارت تعلیم کو سکول سے باہر بچوں کے سکولوں میں داخلے کے حوالے سے واضح اہداف دیئے گئے ہیں جبکہ پی ایچ ڈی کی تعداد میں 20 فیصد اضافے کا ہدف بھی وزارت تعلیم کو دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ 30 اپریل تک وزارت تجارت کو کابینہ میں قومی صنعتی پالیسی منظور کرانے کا ہدف دیا گیا ہے ۔۔ جو ٹیکس چوری کرتے ہیں، وزیراعظم کا فوکس ہے کہ بوجھ ان پر ڈالا جائے جو اسے برداشت کرنے کی سکت رکھیں، ٹیکس نیٹ کو بڑھانا مقصود ہے، غریب آدمی پر ٹیکس کا بوجھ ڈالنا مقصود نہیں، بہت بڑے بڑے کاروباری لوگ کچی رسیدوں پر کام کرتے ہیں اور ٹیکس چوری کرتے ہیںجس کی وجہ سے تمام بوجھ عام آدمی پر پڑتا ہے، اس لئے بلیک اکانومی کا خاتمہ کیا جائے گا، فرض شناس افسران کی حوصلہ افزائی کی جائے گی اور کرپٹ عناصر کا خاتمہ کیا جائے گا۔ آئی ٹی ایکسپورٹ کو بڑھایا جائے گا، پے پال جیسی سہولیات کو فعال کرنا اور ملک میں جدید ڈیجیٹل نظام لانا اہم اہداف ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وفاقی کابینہ میں خود احتسابی کا نظام متعارف کرایا جائے گا، سوشل میڈیا واٹس اپ، فیس بک، انسٹا گرام وغیرہ کے دفاتر پاکستان میں کھولنے کے لئے کوشاں ہیں، اس سے بیروز گاری کا خاتمہ ہو گا ، روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ داخلہ کیلئے پاکستان میں غیر قانونی غیر ملکی شہریوں کے حوالے سے بھی اہداف مقرر کئے گئے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ کابینہ میں عوام کے نمائندے ہیں جو عوام کو جوابدہ ہیں، جدید ٹیکنالوجی کو اپنا کر دیکھا جائے گا کہ متعلقہ وزارت نے اپنا کام مکمل کیا ہے یا نہیں، ہر کابینہ اجلاس میں وزراسے کارکر دگی کے بارے میں پوچھا جائے گا ، باز پرس کی جائے گی، اب بھی مقررہ ہدف حاصل کیا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہاکہ پی آئی اے کا سالانہ خسارہ 80 ارب روپے ہے، پی آئی اے کی نجکاری کا معیشت پر مثبت اثر پڑے گا۔انشااللہ آنے والے دنوں میں عوام کے لئے مزید ریلیف کا اعلان کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں نالائقوں نے ملک کی معیشت کا بیڑا غرق کیا جس کا خمیازہ آج ملک کو بھگتنا پڑ رہا ہے، اچھے فلم میکرز کو حکومت مالی معاونت فراہم کرے گی، کراچی میں منعقد ہونے والے فلم فیسٹیول کو حکومت سپانسر کرے گی، صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لئے بھی اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ ہم ترقی کی راہ پر نکل پڑے ہیں، چیزیں بہتری کی طرف چل پڑی ہیں انشاا للہ ملک کو جلد معاشی قوت بناکر دم لیں گے۔اتوار کو اٹرنل لائف چرچ کوٹ لکھپت میں ایسٹر کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئیوفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے مسیحی برادری کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 70ہزار مسیحی ووٹرز کا نمائندہ ہوں، مسیحی برادری نے ملک کی سلامتی، بقا اور ترقی کے لئے بے پناہ قربانیاں دی ہیں، مسیحی برادری کے حقوق کا تحفظ یقینی بنائیں گے۔ کیا۔ مسیحی برادری کے حقوق کا تحفظ یقینی بنائیں گے۔ وفاقی وزیر عطا اللہ تارڑ نے مسیحی عمائدین کے ساتھ مل کر ایسٹر کا کیک بھی کاٹا۔