سائبر حملے روکنے کیلئے نیشنل کمپیوٹر ایمرجنسی رسپانس ٹیم تشکیل
اسلام آ باد (نمائندہ نوائے وقت + آئی ا ین پی) حساس معلومات کے تحفظ اور سائبر حملے روکنے کیلئے وفاقی حکومت نے نیشنل کمپیوٹر ایمرجنسی رسپانس ٹیم تشکیل دے دی۔ این سرٹ ڈیجیٹل اثاثوں، حساس معلومات اور اہم بنیادی ڈھانچے کٍی حفاظت کرے گی۔ وزارت آئی ٹی کے نوٹیفکیشن کے مطابق پیکا ایکٹ اور سرٹ رولز کے مطابق نیشنل سرٹ تشکیل دی گئی ہے۔ سائبر سیکیورٹی فار ڈیجیٹل پاکستان پراجیکٹ کو نیشنل سرٹ قرار دے دیا گیا جو کئی سال سے چل رہا تھا۔ ایمرجنسی رسپانس ٹیم نیشنل سرٹ سائبر حملوں کا پتہ لگانے اور ان کی روک تھام کیلئے کردار ادا کرے گی۔ اس کیلئے ماہرین کی تعیناتی کے ساتھ ضروری سافٹ اور ہارڈ وئیرکی خریداری پہلے ہی ہو چکی ہے۔ نیشنل سرٹ سائبر حملوں سے متعلق آگاہی، تحقیق و ترقی کیلئے کام کرے گی۔ نیشنل سرٹ کیلئے الگ سے ویب سائٹ بھی لانچ کی جا چکی ہے۔ دریں اثناء وفاقی وزارتوں اور ڈویژنز کی حساس معلومات چرانے کے لیے ہیکرز سرگرم ہو گئے۔ جعلی ای-میلز کے ذریعے وزارتوں اور ڈویژنز کی معلومات حاصل کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ کابینہ ڈویژن نے تمام وفاقی وزارتوں اور ڈویژنز کو مراسلہ بھجوا کر اس حوالے سے متنبہ کر دیا۔ مراسلے کے مطابق جے ایس کوآرڈ کے نام سے جنم لینے والی جعلی ای-میلز زیر گردش ہیں۔ فیک ای-میلز کے ساتھ خطرناک پے لوڈز منسلک ہیں، یہ فیک ای-میلز وزارتوں کے نیٹ ورک/سسٹم کی سکیورٹی کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔ ذرائع کے مطابق مراسلے میں وزارتوں، ڈویژنوں کو انجان، غیر انجان ای-میلز موصول ہونے پر محتاط رویہ اپنانے، اہم معلومات کی درخواست کرنے والی ای-میلز کی سکروٹنی کرنے جبکہ موصول ای-میل کا ایڈریس اور ڈومین کی پیشگی تصدیق کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ مراسلے میں انجان ای میل آئی ڈی سے موصول ہونے والی ای-میل کے ساتھ منسلک دستاویز نہ کھولنے کی بھی تجویز دی گئی ہے۔