• news

آخری عشرہ: خواتین سمیت ہزاروں افراد رضائے الٰہی کیلئے اعتکاف بیٹھ گئے

لاہور+ اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+ خبر نگار) ملک بھر میں لاکھوں معتکفین مساجد میں گوشہ نشین ہو گئے ہیں۔ ماہ مبارک کے آخری عشرے میں دوران اعتکاف مغفرت اور رحمت کی دعائیں مانگی جائیں گی اور رب کریم کو راضی کیا جائے گا۔ متعکفین نماز عصر کے بعد مساجد میں پہنچے اور افطاری کے بعد اعتکاف شروع کردیا۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں بھی اعتکاف متعدد بڑی مساجد و مدارس بادشاہی مسجد، جامع مسجد حضرت داتا گنج بخش، جامعہ نعیمیہ، جامعہ اشرفیہ، جامع مسجد منصورہ، جامع مسجد قادسیہ، مسجد وزیر خان سمیت صوبے کی ہزاروں بڑی مساجد اور مدارس میں اعتکاف کا اہتمام کیاگیا ہے۔ کئی جگہوں پر خواتین کے لئے اعتکاف کا الگ سے بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ صوبائی دارالحکومت میں منہاج القرآن نے ہر سال کی طرح خواتین اور مردوںکے اجتماعی اعتکاف کا اہتمام کیا ہے۔ اسی طرح گھروں میں بھی خواتین نے اعتکاف کا آغاز کیا ہے۔ رمضان المبارک کے آخری عشرے میں اعتکاف کرنے والے مردو خواتین شوال (عیدکا چاند)کا چاند نظر آنے پر اعتکاف ختم کریں گے۔ وفاقی دارالحکومت کی سب سے بڑی فیصل مسجد میں چھ سو معتکفین اعتکاف بیٹھے۔ امسال اسلام آباد کی سب سے بڑی مسجد فیصل مسجد میں اعتکاف بیٹھنے والوں کی تعداد آدھی ہوگئی۔ فیصل مسجد میں معتکفین کی کم تعداد کی وجہ رجسٹریشن کے ابتدائی ایام میں پانچ ہزار روپے رجسٹریشن فیس عائد کیا جانا تھا۔ الدعوہ اکیڈمی نے اعتکاف کرنے والوں پر فی کس پانچ ہزار روپے فیس عائد کی تھی۔ پانچ ہزار روپے میں سحری و افطاری بھی شامل نہیں تھی۔ ساڑھے تین سو لوگوں نے پانچ ہزار روپے فیس جمع بھی کرادی تھی۔ میڈیا اور سوشل میڈیا پر فیصل مسجد انتظامیہ کے خلاف مہم چلنے پر پانچ ہزار فیس کا فیصلہ واپس لے لیا گیا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن