رمضان المبارک کا مقصد ہے ہم متقی اور پرہیز گار بن جائیں،پیر نقیب الرحمن
راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) دربار عالیہ عید گاہ شریف کے سجادہ نشین و عالم اسلام کے ممتاز مذہبی و روحانی پیشوا پیر محمد نقیب الرحمن نے کہا ہے رمضان المبارک کا مقصد یہ ہے ہم متقی اور پرہیز گار بن جائیں۔قرآنِ کریم کی آیتِ مبارکہ کی روشنی میں ہم اپنے گفتار و کردار کا جائزہ لیں تو جب ہم جھوٹ، غیبت اور دوسروں کی عزت اچھالنے کے مرتکب ہوتے ہیں تو در حقیقت ہم اپنی زبان کا تقویٰ بھلا بیٹھتے ہیں اور سرا سر اپنا نقصان اور خسارہ کرتے ہیں اور آج نورانی تعلیمات سے دوری کے باعث ہمارا معاشرہ زوال کا شکار ہے اور ہمارے دلوں سے اطمینانِ قلب جاتا رہا ہے۔ اِس ماہِ مبارک میں ہمیں کوشش اِس امر کی کرنی ہے کہ ہم صاحب ِ تقویٰ بن جائیں اور ہمارے دلوں میں صرف اور صرف یہ تمنا ہو کہ یہ مہینہ ہمارے رب کا مہینہ ہے اور ہمارا رب ہم سے راضی ہو جائے اسی ذریعے سے ہم فضاء کو صاف اور معطر کر سکتے ہیں اور ربِ رحمان کی رضا و خوشنودی کو پا سکتے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز عید گاہ شریف میں منعقدہ ہفتہ وار درسِ حدیثِ پاک کی محفل سے خطاب کے دوران کیادرسِ حدیثِ پاک کی محفل کے اختتام پر پیر محمد نقیب الرحمن نے وطن عزیز کی سلامتی، خوشحالی، ترقی، افواج پاکستان کی سر بلندی، اتحاد بین المسلمین اور کشمیر و فلسطین کے مسلمانوں کی ظلم و بربریت سے نجات و آبادکاری کیلئے خصوصی دعا کی۔