• news

ضمنی انتخابات: این اے 132 قصور پی پی 139 کے 15 امیدواروں کو نشان الاٹ 

قصور+کوٹ رادھا کشن+ فیروزوالہ (نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگار) اپریل ضمنی انتخاب قومی اسمبلی حلقہ 132 کے 10 امیدواروں کو نشانات الاٹ کر دئیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق 21 اپریل کو منعقد ہونے والے ضمنی انتخاب این اے 132 جس کے لیے ملک رشید احمد خاں، سردار محمد حسین ڈوگر، فقیر حسین بھٹی سمیت گیارہ امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے تھے جن میں تحریک لبیک کے فقیر حسین بھٹی مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ملک رشید احمد خان کے حق میں دستبردار ہو گئے۔ کاغذات نامزدگی واپس لے لئے، اب باقی 10 امیدواروں کو انتخابی نشانات الاٹ کر دئیے گئے ہیں۔ جن میں سات آزاد امیدوار بھی شامل ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ملک رشید احمد خاں کو ’’شیر‘‘ جبکہ سنی اتحاد کونسل کے سردار محمد حسین ڈوگر کو ’’گھوڑے‘‘ کا نشان الاٹ کیا گیا ہے، دیگر امیدواروں احسن امجد کو بنچ، جنید علی ڈوگر کو ریکٹ، سردار محمد سرور ڈوگر کو ڈرم، شبیر احمد کو واٹر کولر، فیصل رشید خان کو بوتل، محمد حسین کو کرکٹ سٹمپ، مظہر رشید خان کو حقہ جبکہ ملک ریاض احمد خاں کو کلاک کے نشانات الاٹ کئے گئے ہیں۔ واضح رہے 8 فروری کو عام انتخابات میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے این اے 132 کی سیٹ چھوڑ دی تھی۔ ذرائع کے مطابق قصور کے ضمنی انتخاب میں حکومتی پارٹی مسلم لیگ (ن) ملک رشید احمد خاں اور پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ سنی اتحاد کونسل کے سردار محمد حسین ڈوگر کے درمیان سخت مقابلہ ہو گا۔ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر، اسسٹنٹ ریٹرننگ افسر دفاتر سے غائب رہیں، امیدواروں کے احتجاج کے بعد ریٹرننگ افسر نے شام کے وقت انتخابی نشان کا نوٹس دفتر کے باہر چسپاں کیا۔ کوٹ عبدالمالک کے حلقہ پی پی 139 کے ضمنی الیکشن کیلئے ریٹرننگ افسر عثمان جلیس نے امیدواروں کو انتخابی نشان الاٹ کر دئیے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار رانا افضال حسین کو ’’شیر‘‘ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار اعجاز حسین بھٹی کو ’’گھوڑا‘‘ تحریک لبیک پاکستان کے امیدوار رفاقت علی کو ’’کرین‘‘ نواز لیگ کے سابق ایم پی اے آزاد امیدوار میاں عبدالرؤف کو ’’بھیڑ‘‘ اور آزاد امیدوار سمیع اللہ بوکا کو ’’پریشر ککر‘‘ کا نشان جاری کیا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن