فیصل آباد:پولیس تشدد سے زیرحراست ملزم جاں بحق‘ تھانیدار دیگر اہلکار معطل ‘گرفتار
فیصل آباد(نمائندہ خصوصی) سمن آباد پولیس کے مبینہ تشدد سے زیرحراست ڈکیتی کا ملزم زندگی کی بازی ہارگیا، سی پی او نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او سب انسپکٹر رضوان شوکت‘ اے ایس آئی ریاست اور محرر عاطف کو معطل کر کے گرفتار کرا دیا، ایس پی انوسٹی گیشن کو واقعہ کی انکوائری کر کے فوری رپورٹ دینے کے احکامات جاری کر دیئے۔ ذرائع کے مطابق دو روز قبل شہریوں نے واردات کے دوران ملزم خالد ولد مختار سکنہ پیرمحل کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا اور اسکو سمن آباد پولیس کے حوالے کر دیا تھا۔ ریسکیو1122 کی ٹیم نے مضروب کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال منتقل کیا تھا، جہاں پر اے ایس آئی ریاست نے مبینہ طور پر پکڑے جانیوالے ملزم کو تشدد کا نشانہ بنایا اور اسکی حالت بگڑنے پر پرائیویٹ گاڑی میں ڈال کر جنرل ہسپتال لایا گیا جہاں پر ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹر نے مریض کی انٹری کرانے کا کہا تو مذکورہ تھانیدار مذکورہ ملزم کو علاج کے بغیر ہی واپس تھانہ لے آیا، جہاں پہنچتے ہی ملزم زندگی کی بازی ہار گیا۔