• news

ٹوکن ٹیکس نادہندہ گاڑیوں کیخلاف سخت کارروائی کا فیصلہ، آج سے رجسٹریشن منسوخی

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب نے ٹیکس نادہندہ گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے مطابق آج پیر سے نادہندہ گاڑیوں کی رجسٹریشن کی منسوخی کا عمل شروع کردیا جائے گا۔ یہ بات ڈائریکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن لاہور ریجن سی محمد آصف نے بتائی۔ انہوں نے کہا کہ تین سال یا اس سے زائد مدت سے مسلسل نادہندہ ایک ہزار گاڑیوں کی رجسٹریشن عیدالفطر تک منسوخ کرنے کا ہدف ہے۔ رجسٹریشن کی منسوخی سے قبل ان گاڑیوں پر ٹوکن ٹیکس عدم ادائیگی کے "وارننگ سٹکرز" لگائے گئے تھے جبکہ آخری وارننگ کے طور پر گاڑی مالکان کو محکمہ ایکسائز کی جانب سے یاد دہانی کی کالز بھی کی گئیں۔ محمد آصف نے کہا کہ مزید 10 لاکھ گاڑی مالکان کو بذریعہ موبائل میسج ٹوکن ٹیکس ادائیگی کی یاد دہانی کروائی جائے گی اور بینک لیز والی گاڑیوں کو خصوصی ٹارگٹ کیا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن