مقابلہ کرنا ہے تو کارکردگی میں کریں ،گالی گلوچ الزامات کی سیاست آپ کومبارک ہو‘ عظمیٰ بخاری
لاہور( این این آئی)صوبائی وزیر اطلاعات عظمی بخاری نے برسٹر سیف کے بیان پر اپنے رد عمل میں کہا ہے کہ بیرسٹر صاحب مجھے لگتا ہے آپ کو صرف پنجاب کی نوکری کرنی ہے،آپ نے آج تک نہیں بتایا آپ کی حکومت نے خیبر پختونخواہ میں کیا کارنامے سر انجام دئیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے 30 دنوں میں عوامی فلاح کے 30 منصوبے دئیے ہیں، علی امین گنڈاپور نے 30 دنوں میں ایک بھی عوامی فلاح کا منصوبہ متعارف نہیں کروایا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم سے مقابلہ کرنا ہے تو کارکردگی میں کریں ،گالی گلوچ الزامات کی سیاست ہمیں نہیں آتی یہ سب آپ کو مبارک ہو، جتنی فکر آپ کو مریم نواز کی ہے کاش اتنی فکر پختونخواہ کے عوام کی ہوتی، ابھی کل ہی خیبر پختونخواہ میں بارشوں کے باعث سات افراد جان بحق ہو گئے جن میں تین کمسن بچے بھی شامل ہیں، خدا کا خوف کریں خیبر پختونخواہ کے عوام کے حال پر رحم کھائیں۔ عظمی بخاری نے کہا کہ اگر آپ لوگ بدقسمتی سے پختونخوا ہ پر مسلط ہو ہی گئے ہیں تو وہاں کے لوگوں کے لیے آسانیاں پیدا کریں، مالاکنڈ ڈویژن، لوئر دیر، اپر دیر، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں عوام آپ کو بد دعائیں دے رہے ہیں،حیرت جس صوبے میں 10 افراد بارشوں سے جاں بحق ہو جائیں اس صوبے کے ترجمان کو مریم نواز کی فکر پڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ پہلے 35 پنکچر پھر 4 حلقے اب فارم 45 تانگہ پارٹی کا ورد بن چکا ہے، آپ کی قسمت میں رونا دھونا لکھا ہے یہی آپ کا مقدر ہے۔