کرغزستان پاکستانی تاجروں کو تمام سہولیات فراہم کریگا :اسیل بیگماتوا
لاہور(کامرس رپورٹر )کرغستان کی وزارت اقتصادی امور و تجارت کی ہیڈ ڈیپارٹمنٹ آف فارن ریلیشنز اسیل بیگماتوا نے کہا ہے کہ کرغزستان پاکستانی تاجروں اور سرمایہ کاروں کو مشترکہ منصوبوں کیلئے تمام سہولیات فراہم کرے گا تاکہ وہ ہماری ضروریات کو پورا کرنے کیساتھ ساتھ ابھرتی ہوئی سازگار مارکیٹ سے بھر پور منافع حاصل کر سکیں۔ انہوں نے یہ بات گزشتہ روز پاکستانی تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جو پاکستان میں کرغستان کے اعزازی قونصل مہر کاشف یونس کی سربراہی میں 2 ہفتوں کے دورہ پر کرغزستان میں ہے۔ دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کو مزید مضبوط بنانے اور برآمدات کے فروغ کیلئے امکانات کا جائزہ لینا ہے۔ بیگماتوا نے اپنی بریفنگ میں اس بات پر زور دیا کہ مشترکہ منصوبوں سے نہ صرف کرغزستان کی ضروریات پوری ہوں گی بلکہ خودمختار ضمانتوں کے ساتھ سرمایہ کار منافع بھی کما سکیں گے۔