فرنیچر انڈسٹری کو بہتر بنانے کیلئے بلا سود قرضے فراہم کیے جائیں:میاں کاشف
لاہور(کامرس رپورٹر ) پاکستان فرنیچر کونسل (پی ایف سی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ فرنیچر انڈسٹری کے مجموعی انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے اور نئی ٹیکنالوجی کی درآمد کیلئے 5سال کیلئے بلا سود قرضے فراہم کیے جائیں۔ انہوں نے یہ بات گزشتہ روز میاں فریاد احمد رضا کی قیادت میں فرنیچر پروڈیوسرز کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا مشرق بعید، مشرق وسطی، وسطی ایشیائی ریاستوں، روس اور لاطینی امریکہ میں ’’میڈ ان پاکستان‘‘ مصنوعات کیلئے موجودہ مارکیٹوں تک رسائی اور نئی ممکنہ منڈیوں کی نشاندہی کیلئے حکومتی سطح پر کوششوں کی ضرورت ہے۔ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان میں ’’مارکیٹنگ انٹیلی جنس سیل‘‘ فرنیچر کے مینوفیکچررز اور برآمد کنندگان کو فرنیچر کی بین الاقوامی منڈیوں میں ڈیمانڈ، مسابقتی قیمتوں، پھیلتی ہوئی منڈیوں اور دیگر ضروری رجحانات سے متعلق معلومات کے حصول میں مدد فراہم کرے۔