محسن نقوی کی قیادت میں پاکستان کی کرکٹ ترقی کریگی:ندیم عمر
لاہور(سپورٹس رپورٹر) ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی کے صدر ندیم عمر سے انڈر 16اور انڈر 13 کراچی ریجن کے کوچ اور کپتانوں نے ملاقات کی۔ آر سی اے سیکرٹریٹ میںملاقات کرنے والوں میں نیشنل انڈر 16 کرکٹ ٹورنامنٹ کی چیمپئن کراچی ریجن کے کوچ محتشم علی، کپتان حضیفہ احسان، نیشنل انڈر 13 کرکٹ چیمپئن شپ کی رنر اپ ٹیم کے کوچ عبدالسعد اور کپتان ایش ملک شامل تھے۔اس موقع پر ندیم عمر نے دونوں ٹیموں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کراچی کیلئے بہت خو شی کی بات ہے اس سیزن کے تمام نیشنل ٹورنامنٹس کی ونرز اور رنر اپ کراچی کی ٹیمیں رہی ہیں جن میں قائد اعظم ٹرافی چیمپئن، نیشنل ون ڈے کپ رنر اپ، نیشنل ٹی 20 چیمپئن، انڈر 19 تین روزہ رنر اپ، انڈر 19 ون ڈے چیمپئن، نیشنل انڈر 16 ٹورنامنٹ چیمپئن، نیشنل انڈر 13 ٹورنامنٹ کی رنر اپ شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ کراچی میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں اور کراچی کے کھلاڑیوں نے اپنے شاندار کھیل سے یہ ثابت بھی کیا ہے۔ میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی سے امید کر تا ہوں کہ وہ کراچی کے کھلاڑیوں کیساتھ ساتھ امپائرز، ریفری اور سکورر کیساتھ بھی نا انصافی نہیں ہونے دینگے۔ محسن نقوی کی قیادت میں پاکستان کی کرکٹ ترقی کریگی۔انہوں نے تمام زونل آفیشلز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کراچی کی ٹیموں کی کامیابیوں میں کھلاڑیوں کیساتھ ساتھ زونل آفیشلز کا بہت اہم کردار ہے۔