حضرت علی المرتضیؓ کا یومِ شہادت ملک بھر میں عقیدت و احترام سے منایا گیا
راولپنڈی(جنرل رپورٹر) 21 رمضان المبارک کو امیرالمومنین بابِ مدین العلم، فاتحِ خیبر، شیرِ خدا حضرت علی المرتضی کا یومِ شہادت پاکستان سمیت دنیا بھر میں عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا، پاکستان کے تمام چھوٹے بڑے شہروں قصبوں دیہات میں مجالسِ عزا منعقد ہوئیں، ماتمی جلوس نکالے گئے جن میں تابوت، ذوالجناح، علم کے تبرکات بھی شامل تھے۔اہلسنت برادران نے سبیلیں لگائیں، نیاز تقسیم کیں اور عزاداروں نے نوحہ خوانی و ماتم کے ذریعے شہیدِ مسجدِ کوفہ حضرت علی المرتضی کی شہادت کا پرسہ بارگاہِ رسالتؓ میں پیش کِیا۔ راولپنڈی کا مرکزی ماتمی جلوس عزا خانہ مبارک بانو موہن پورہ سے نکالا گیا، جلوس میں سربراہ تحریکِ نفاذِ فقہ جعفریہ علامہ آغا سید حسین مقدسی نے شرکت کی اور تبرکات کی زیارت کی۔ عزاداروں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں کہا کہ تاریخ نے مولا علیؓ امیرالمومنین کے کردار کو سنہرے الفاظ میں رقم کِیا ہے، انہوں نے کہا کہ عمران خان حکومت کے جاری کردہ متنازعہ یکساں نصابِ تعلیم اور عزاداری پر بے جا پابندیوں کو منسوخ کِیا جائے۔ فلسطین میں انسانیت کی دھجیاں بکھیری جا رہی ہیں، مظلوم کشمیری بھی ازلی دشمن کے جبر و استبداد سے نبردآزما ہیں، یہود و ہنود کا مسئلہ ہو تو سارے کفار اکٹھے ہو جاتے ہیں افسوس مسلمانوں کا مسئلہ درپیش ہو تو عالمِ اسلام خاموش ہے، ظلم ڈھایا جا رہا ہے اس پر کوئی نہیں بولتا۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کو مٹانے کیلئے اسوہ حیدری پر عمل کِیا جائے، نیشنل ایکشن پلان کی تمام شِقوں پر عمل کیئے بغیر انسداد دہشتگردی کا خواب ادھورا رہے گا۔درایں اثنا مکتبِ تشیع کے ہیڈکوارٹر میں موصولہ اطلاعات کے مطابق کراچی میں نشتر پارک سے جلوسِ عزا برآمد ہو کر نمائش چورنگی، ایم اے جناح روڈ صدر سے ہوتا ہوا، کھارادر میں بڑا امامبارگاہ پر اختتام پزیر ہوا، لاہور میں چاندی کا بنا تاریخی تعزیہ کا جلوسِ عزا مبارک حویلی اندرون موچی گیٹ سے برآمد ہو کر مقررہ راستوں سے ہوتے ہوا کربلا گامے شاہ میں اختتام پزیر ہوا، پشاور میں امام بارگاہ اخوند آباد سے برآمد ہو کر امام بارگاہ عالم شاہ جعفری تک جانے کے بعد جلوس واپس اسی امام بارگاہ میں اختتام پذیر ہوا، کوئٹہ میں نچاری امام بارگاہ، امام بارگاہ ناصر العزا، امام بارگاہ کلاں میکانکی روڈ سے مرکزی جلوس برآمد ہوئے، اسلام آباد بری امام، باغ آزاد کشمیر، ملتان، ڈیرہ غازی خان، گجرات، کوہاٹ، مردان، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، گوجرہ، ٹوبہ، ساہیوال، شیخو پورہ، جھنگ، جہلم، چکوال، چنیوٹ، سکھر، خیر پور، دادو، حیدر آباد سمیت ملک بھر میں عظیم الشان جلوس نکالے گئے جن میں شیعہ سنی عزاداروں نے شرکت کر کے بے مثال مودتِ اہلبیت اور اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کِیا۔ علی مسجد سیٹلائٹ ٹان سے برآمد ہونیوالے جلوس تابوت میں ٹی این ایف جے کے سربراہ علامہ آغاسیدحسین مقدسی نے شرکت کرکے تبرکات کی زیارت اور ماتمداری میں حصہ لیا۔