بلوچستان اسمبلی: بھٹو کی برسی پر چھٹی، فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے قرارداد پیش
کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ) بلوچستان اسمبلی میں 4 اپریل کو ذوالفقارعلی بھٹو کی برسی پر سرکاری سطح پر عام تعطیل کا اعلان کرنے کی مشترکہ قرارداد پیش کر دی گئی۔ قرارداد وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی سمیت پیپلز پارٹی اراکین کی جانب سے ڈپٹی سپیکر غزالہ گولہ نے پیش کی۔ قرارداد کے متن کے مطابق سپریم کورٹ نے اپنی تاریخی رائے میں تسلیم کیا کہ شہید ذوالفقارعلی بھٹوکی سزائے موت عدالتی قتل تھا۔ متن کے مطابق شہید ذوالفقارعلی بھٹو کی خدمات اور سپریم کورٹ کی رائے کی روشنی میں ایوان سفارش کرتا ہے، فوری طور پر وفاقی حکومت سے رجوع کر کے 4 اپریل کو گزٹیڈ چھٹی کا اعلان کرے۔ بلوچستان اسمبلی میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی اور حمایت کی قرارداد پیش کی گئی۔ رکن اسمبلی زابد علی ریکی نے قرارداد پیش کی۔ قرارداد کے متن میں کہا گیا 7 اکتوبر 2023ء سے فلسطین کے معصوم عوام پر ظالم فوج حملے کر رہی ہے، اب تک ہزاروں بے گناہ فلسطینی شہید اور زخمی ہو چکے ہیں۔ اقوام متحدہ، امریکہ، یورپی یونین اور دیگر اسلامی ممالک کی جانب سے خاموشی ظلم کے مترادف ہے۔ قرارداد کے متن میں مزید لکھا گیا وفاقی حکومت فوری طور پر اقوام متحدہ اور دیگرانسانی حقوق کی تنظیموں کے ساتھ معاملہ اٹھائے، حملوں کی فوری طور پر روک تھام کیلئے اقدامات بھی اٹھائے۔