• news

گرو پتونت سنگھ قتل سازش، بھارت ریڈ لائن عبور نہ کرے: امریکہ

نئی دہلی (کے پی آئی) بھارت میں امریکی سفیر ایرک گارسیٹی نے نئی دہلی کو خبردار کیا ہے کہ وہ امریکہ اور بھارت کے درمیان ریڈ لائن کو عبور نہ کرے۔ امریکی سفیر نے ایک انٹرویو میںکہا کہ دونوں ممالک سکھز فار جسٹس (SFJ)کے رہنما گروپتونت سنگھ پنون کے قتل کی ناکام سازش کی تحقیقات میں مل کر کام کررہے ہیں۔ انہوں نے خالصتانی مارچوں اور پنن کی طرف سے جاری دھمکیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امریکی نظام میں آزادی اظہار کو تحفظ حاصل ہے اور ایک امریکی شہری کو صرف ملکی قوانین کے مطابق سزا دی جاسکتی ہے یا ملک بدر کیا جا سکتا ہے۔ پنون کے قتل کی سازش کے سلسلے میں جاری تحقیقات کا حوالہ دیتے ہوئے گارسیٹی نے کہا کہ نئی دہلی اور واشنگٹن مجرمانہ کارروائی کے پیچھے لوگوں کو پکڑنے کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں، یہ ظاہر کرتا ہے کہ اس وقت بھارت اور امریکہ کے تعلقات کتنے مضبوط اور قریبی ہیں۔ تاہم انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ریڈ لائن کو عبور نہیں کیا جانا چاہئے اور کسی بھی ملک کا کوئی سرکاری ملازم کسی غیر ملکی شہری کے قتل کی سازش میں ملوث نہیں ہو سکتا۔

ای پیپر-دی نیشن