• news

وزیراعلیٰ مریم نواز کا ایسٹر پر  اقلیتوں کیلئے مثبت پیغام

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف131 سال میں مریم آباد چرچ کا دورہ کرنے والی پہلی وزیر اعلیٰ پنجاب بن گئیں، وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ایسٹر پر مسیحی برادری کو مبارکباددی اور پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 10 ہزار مسیحی خاندانوں کو 5ہزار فی کس عیدی دی گئی۔ وزیر اعلیٰ نے شیخوپورہ کی بستی مریم آباد کے گھروں میں جاکر مسیحی گھرانوں کو ایسٹر گرانٹ کے چیک پیش کئے۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے مسیحی خواتین کو گلے لگا کر مبارکباد دی اور ایسٹر کا کیک کاٹا۔وزیر اعلیٰ مریم نواز خواتین سے گھل مل گئیں۔مسیحی خواتین نے وزیر اعلیٰ مریم نواز کی آمد پر شکریہ ادا کیا۔وزیر اعلیٰ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایسٹر پر مسیحی برادری کی خوشیوں میں شریک ہیں۔ میرا خواب ایسا پاکستان ہے جہاں اکثریت اور اقلیت مل جل کر رہیں۔ ایسا پاکستان ہو جہاں ہر ایک کو اپنی عبادت کرنے کی آزادی ہو اور پورا تحفظ ملے۔ اقلیت کی طرف اٹھنے والے ہر ہاتھ کو آہنی ہاتھ سے روکیں گے - ایسٹر کا تہوار خوشیاں تقسیم کرنے کا دن ہے۔ ایسٹر ہمیں ہمدردی، معافی اور سب کے لیے محبت کی اقدار سکھاتا ہے۔ مسیحی برادری امن پسند اور قابلِ احترام ہے۔ پاکستان بلا رنگ و نسل، مذہب، ذات اور عقیدے کے ہم سب کا وطن ہے۔ ایسٹر معاشرے میں ہم آہنگی اور انسانیت کے جذبے کو فروغ دے گا۔
 اس میں کوئی شک نہیں کہ اقلیتی حقوق کے حوالے سے پاکستان دنیا کا ایک مثالی ملک ہے جہاں اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ کیا جاتا ہے‘ انہیں اپنے عقائد کے مطابق مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے بلکہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں انہیں نمائندگی بھی حاصل ہے۔یہی وجہ ہے کہ پاکستان کی ترقی میں اقلیتیں اپنا اہم کردار ادا کرتی ہیں اور حب الوطنی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کے قومی دن اور تہوار کو منانے میں خوشی محسوس کرتی ہیں۔ اسکے باوجود پاکستان کیخلاف پراپیگنڈا کیا جاتا ہے کہ یہاں اقلیتیں محفوظ نہیں ہیں جبکہ پڑوسی ملک بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے‘ بالخصوص سب سے بڑی مسلمان اقلیت کے ساتھ جو سلوک روا رکھا جاتا ہے‘ وہ پوری دنیا کے سامنے ہے۔ اسی پراپیگنڈے کے تحت پاکستان پر عالمی دباﺅ بڑھایا جاتا ہے۔ اس عالمی دباﺅ کو کم کرنے اور بلا امتیاز ملک کے تمام شہریوں میں ہم آہنگی کی فضا پیدا کرنے کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب کا ایسٹر کے موقع پر مسیحی برادری کی خوشیوں میں شریک ہونا بالخصوص پاکستان مخالف پراپیگنڈہ کے توڑ کیلئے ٹھوس پیغام ہے۔

ای پیپر-دی نیشن