سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی ، وزیر اعظم ، برآمدات ڈبل کرنے کی ہدایت ایرانی سفیر بھی ملے
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت بیرونی سرمایہ کاری سے متعلق اہم جائزہ اجلاس ہوا۔ ایس آئی ایف سی کے تحت خلیجی ممالک سے معاہدوں اور یادداشتوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ چیلنجز کو مواقع میں بدلنے کیلئے غیر ملکی سرمایہ کاری کا فروغ ہماری اولین ترجیح ہے۔ سرمایہ کاروں کو ہرممکنہ سہولت فراہم کی جائے گی۔ ایس آئی ایف سی کے قیام سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے میں مدد ملی ہے۔ دریں اثناء وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آئندہ پانچ سالوں میں ملکی برآمدات دو گنا کرنے کیلئے لائحہ عمل بنانے کی ہدایت کردی۔ وزیراعظم شہبازشریف نے وزارت تجارت کو کامیاب انٹرپرینیورز اور سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد لائحہ عمل مرتب کرکے پیش کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے ای کامرس شعبے میں برآمد کنندگان جو پاکستان میں اپنی مصنوعات بنا کر دنیا بھر میں برآمد کرتے ہیں کو سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعظم کی وزارت تجارت کو Made in Pakistan برانڈ برآمد کرنے والوں کے مسائل کے فوری حل کی بھی ہدایت۔ شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان کے برآمدی شعبے کی مکمل استعداد سے بھرپور فائدہ اٹھانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔ آئی ٹی، گھریلو استعمال کی مصنوعات، ٹیکسٹائل اور منفرد شعبوں کی برآمدات کے فروغ کیلئے شعبے کے سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے۔ شہبازشریف نے مزید ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ایسی برآمدات جو عالمی ویلیو چینز کا حصہ ہوں ان کی صنعت کی ترقی کی حوصلہ افزائی کیلئے سفارشات مرتب کرکے پیش کی جائیں۔ وزیراعظم محمد شہبازشریف کی زیر صدارت برآمدی شعبے کی ترقی پر اعلیٰ سطح کا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ علاوہ ازیں وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے لوگوں کی ترقی، انہیں صحت اور تعلیم کی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق منگل کو وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وزیرِ اعلی گلگت بلتستان گلبر خان نے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیرِ قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وزیرِ اقتصادی امور احد خان چیمہ اور متعلقہ اعلی حکام بھی موجود تھے۔ اجلاس کو گلگت بلتستان میں وفاقی حکومت کی جانب سے عطا آباد اور ہارپو میں پن بجلی کے دو منصوبوں پر جاری کام کی پیش رفت کے بارے آگاہ کیا گیا۔ بتایا گیا کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے گلگت بلتستان میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جا سکے گی۔ وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ نلتر ایکپریس وے کی تعمیر کا کام مکمل ہو گیا ہے جو علاقے کی ترقی اور خوشحالی میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔ وزیرِ اعظم نے گلگت بلتستان میں سیاحت کی ترقی اور شمسی توانائی کے منصوبوں کے حوالے سے لائحہ عمل مرتب کرکے پیش کرنے کی ہدایت کی۔ وزیرِ اعظم نے گلگت بلتستان کو درپیش مسائل کے حل کے حوالے سے کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے ہدایت کی کہ کمیٹی گلگت بلتستان کو درپیش تمام مسائل پر مشاورت کے بعد اپنی سفارشات پیش کرے۔ گلگت بلتستان کے لوگوں کی ترقی، انہیں صحت اور تعلیم کی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ گلگت بلتستان میں غریب و نادار گھرانوں سے تعلق رکھنے والے بچوں اور بچیوں کیلئے دانش سکول قائم کر رہے ہیں۔ دانش سکول بچوں کو بین الاقوامی معیار کی اعلی تعلیم کے ساتھ ساتھ رہائش کی سہولت بھی فراہم کریں گے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ گلگت بلتستان میں سیاحت کی وسیع استعداد سے بھرپور فائدہ اٹھانے کیلئے سفارشات مرتب کرکے پیش کی جائیں اور گلگت بلتستان کے تینوں ڈویژنز میں دانش سکول تعمیر کئے جائیں ۔ وزیر اعظم نے گلگت بلتستان میں عطا آباد اور ہارپو پن بجلی منصوبے کی تکمیل پر کام کی رفتار کو تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان میں شمسی توانائی کے منصوبوں کے حوالے سے لائحہ عمل مرتب کرکے پیش کیا جائے۔ دریں اثناء وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور ایران کے درمیان تجارت، توانائی تعاون، سڑک اور ریل رابطے، ثقافتی تبادلے، انسداد دہشت گردی کی کوششوں اور سکیورٹی تعاون کو بڑھانے کے لئے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے ملاقات کی۔ وزیر اعظم نے ایران کے صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی کے دوبارہ انتخاب کے بعد مبارکباد کے پیغام اور ٹیلی فون کال پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان ایران کو بہت اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات ہیں۔ وزیراعظم نے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے معاملے پر ایران کی حمایت کو سراہا۔ ملاقات کے دوران فلسطین کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایرانی سفیر نے وزیر اعظم کا استقبال کرنے پر شکریہ ادا کیا اور دو طرفہ تعلقات کی موجودہ صورتحال کا جائزہ پیش کیا۔ انہوں نے ایران کی پاکستان کے ساتھ باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں اپنے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا بھی اعادہ کیا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے نومنتخب سینیٹرز کو کامیابی پر مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ سینٹ کے انتخابات جمہوری عمل کا تسلسل ہیں۔ امید ہے سینیٹرز آئین کی سربلندی اور ملکی ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے۔