برکی، گھر میں آگ لگنے سے 2 ذہنی معذور بہن بھائی زندہ جل گئے
لاہور (نامہ نگار) برکی کی ایک ہاؤسنگ سوسائٹی میں شارٹ سرکٹ کے باعث گھر میں آگ لگنے سے بہن بھائی جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے کمرے کو اپنی لپیٹ میں لیا۔ کمرے میں موجود لڑکی وجیہہ اور اس کا بھائی طاہر جھلس کر موقع پر جاں بحق ہو گئے۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر امدادی ٹیمیں اور پولیس موقع پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پا لیا ہے۔ پولیس نے فرانزک ٹیم کی مدد سے شواہد اکٹھے کئے اور لاشیں پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے منتقل کر دی ہیں۔ بہن بھائی اوپر کمرے میں سو رہے تھے اور اہلخانہ کا کہنا ہے کہ دونوں کا ذہنی توازن بھی ٹھیک نہیں تھا۔ پولیس نے واقعہ کی تفتیش شروع کر دی ہے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور رافعہ حیدر نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ متعلقہ ادارے آتشزدگی واقعہ کی ہر پہلو سے چھان بین کریں۔